بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب حکومت کا چولستان میں 20ہزار کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا اعلان

لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے چولستان میں 20ہزار مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پانچ سال کے لیے عارضی کاشت کرنے کے لیے 20 ہزار کاشتکاروں کو شفاف طریقے سے اراضی الاٹ کی جائے گی۔

نجی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ڈاکٹر محمد افضل، ایم پی اے چوہدری احسن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) زاہد اختر زمان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکریٹری جی ایم سکندر اور چولستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر مہر محمد خالد نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ بہاولپور کے ڈپٹی کمشنر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا کہ پہلے مرحلے کی الاٹمنٹ کے لیے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے ذریعے ہوگی، مزید 5ہزار کاشتکاروں کو دوسرے مرحلے میں چولستان میں عارضی کاشت کے لیے اراضی دی جائے گی۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت چولستان کے کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے علاقے میں زرعی معیشت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان وسائل پر چولستان کے لوگوں کا بھی برابر کا حق ہے اور چولستان کے بے زمین کسانوں کو اراضی دینے سے ان کا مستقبل روشن ہوگا۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن وفد

وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے جمعہ کو پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے وفد کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے ملاقات کرنے والے وفد میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عامر محمود، وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمان، سیکریٹری جنرل شکیل مسعود اور بورڈ ممبر طاہر خان شامل تھے۔

وفد میں سیکریٹری اطلاعات پنجاب اور ڈی جی پی آر بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لیے آواز اٹھائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاست میں رواداری اور احترام کے اصولوں کے پابند ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ملکی قومی ادارے ہمارا قومی وقار ہیں اور انہیں متنازع نہیں بنایا جانا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کا احترام ہر ایک پر لازم ہے۔

پرویز الٰہی نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی میڈیا انڈسٹری نے تیزی سے ترقی کی ہے اور موجودہ حالات میں اس کا کلیدی کردار اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل اتفاق اور اتحاد سے نکالا جا سکتا ہے اور وہ مسائل کے حل اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں۔