بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلیٹ خالی کرانے والے سرکاری افسر کی بیوہ سے بدتمیزی، ویڈیو سامنے آگئی

کراچی: صوبائی دارلحکومت کراچی کی وفاقی رہائشی کالونی ایف سی ایریا میں اسٹیٹ آفس کے ڈائریکٹر کی جانب سے بیوہ خاتون کے ساتھ انتہائی غیر مناسب لہجہ اور غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال پر علاقہ میں اشتعال پھیل گیا ہے۔

ایف سی ایریا یونین کمیٹی کے ایک رکن کی جانب سے ایک ویڈیو گروپ میں شئیر کی گئی  ہے کہ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیٹ آفس کراچی کے ڈائریکٹر محمد ایوب کی جانب سے بیوہ خاتون سے غیر اخلاقی گفتگو کی گئی ہے۔ اس میں مذکورہ افسر نے کہا ہے کہ بیوہ ہو تو شادی کرلو ۔

اس ویڈیو میں مذکورہ  افسر کے الفاظ کی ایف سی ایریا ریذیڈینس  کمیٹی نے شدید مذمت کی ہے۔اس واقعہ کے حوالے سے مذکورہ خاتون کے پڑوسی محمد احمر نے بتایا کہ ایف سی ایریا وفاقی ملازمین کی کالونی ہے۔یہاں مکان الاٹ کرنا وزارت ہائوسنگ کے ذیلی ادارے اسٹیٹ آفس کراچی کا کام ہے۔

جمعہ کو اسٹیٹ آفس کراچی کےڈائریکٹر محمد ایوب عملہ کے ہمراہ  فلیٹ نمبر 5 بلاک ایف 13 پرآئے۔انہوں نے خاتون سے غیر مناسب لہجہ میں گفتگو کی۔جس پر خاتون نے احتجاج کیا۔

اس حوالے سے  ایف سی ایریا یونین کے رہنماء  محمد ندیم نے بتایا کہ غیر قانونی فلیٹ خالی کرانا اسٹیٹ آفس کا کام ہے ۔یونین اس میں مداخلت نہیں کرتی۔ڈائریکٹر اسٹیٹ آفس کراچی محمد ایوب نے مذکورہ  فلیٹ میں موجود بیوہ خاتون سے غیر مناسب الفاظ میں گفتگو کی۔ یہ حق کس کو نہیں پہنچتا کہ وہ بیوہ خاتون کو شادی کا مشورہ دے۔ہم اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔یونین وزیراعظم اور وفاقی وزیر ہاوسنگ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسٹیٹ آفسر کراچی محمد ایوب کے خلاف کارروائی کی جائے۔اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائے۔

اسٹیٹ آفس کے عملہ نے کہا یے کہ اس فلیٹ کو قانون کے مطابق خالی کرانے کے لیے کارروائی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اسٹیٹ افسر محمد ایوب کو حالیہ دنوں میں ڈائریکٹر اسٹیٹ کراچی تعینات کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ آفس پاکستان عبید الدین سے  کئی مرتبہ اس صورتحال پر رائے جانے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔