ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 5 ماہ کی حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے،پی پی‘ ن لیگ نے عوام کو مایوس کیا، عوام حکومت کی ناکام معاشی پالیسی سے مایوس ہیں۔ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،نیو یارک میں وزیراعظم اعتراف کرچکے ہیں ہم دیوالیہ ہونے کے قریب ہیں،ہماری پاس قرض چکانے کیلئے بھی پیسے نہیں، ملک اس وقت غیر معمولی صورتحال میں ہے،محتاط اندازہ کے مطابق سیلاب سے ملک کو 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، وزیر خارجہ کوان حالات میں ملک میں رہنا چاہئے تھا، یو این کے اجلاس میں ورچولی شریک ہو سکتے تھے، وہ نا تو وزارت جاتے ہیں اور نہ سندھ۔سندھ ڈوبا ہوا ہے، پی پی کے شریک چیئرمین بیرون ملک سیر سپاٹوں پر ہیں۔ ملک میں رہ کر انہیں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر پاکستان کا بھر پور موقف اجاگر کرنا چاہئے تھا۔ وہ این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں جن میں 18ایم آر‘ موضع روانی‘ بدھلہ سنت میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرملک واصف مظہر راں‘ سابق ایم پی اے رائے منصب علی ودیگر شخصیات موجود تھے۔انہوں نے کہا عمران خان ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔جبکہ امپورٹڈ حکمران مفادات اور ذاتیات کی سیاست کررہے ہیں۔ انہیں ملک اور قوم کی کوئی فکر نہیں۔ ملک بحرانوں کی زد میں ہے۔ عمران خان قوم کو حقیقی آزادی دلانے کیلئے میدان میں نکلے ہیں وہ ملک کے مستقبل کی خاطر چوروں اورڈاکوؤں کے خلاف نکلے ہیں۔ اور ان کی جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک چور اور لٹیرے اپنے منطقی انجام کو نہیں پہنچ جاتے۔وقت آگیا ہے قوم کو عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ عمران خان واحد قیادت ہیں جنہیں پاکستان اور پاکستان کی آئندہ آنے والی نسلوں کی فکر ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں کو پاکستان کی فکر نہیں۔ انہیں اپنے خلاف مقدمات ختم کروانے اور اپنے خاندان کی انڈسٹری میں اضافے کی فکر ہے۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں۔ بجلی کے بل اداکرنے کی سکت نہیں۔ صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں۔ حکومت نے لوگوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے۔ آج وزیر داخلہ اپنے منہ سے اعتراف کر چکے ہیں کہ ہماری حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ میں پوچھتا ہوں آپ کی حکومت کس چیز میں کامیاب ہوئی ہے۔؟ سوائے اپنے خلاف مقدمات کو ختم کروانے کے۔ جس ایجنڈے پر یہ لوگ اقتدار میں آئے اس ایجنڈے میں کامیاب دکھائی دے رہے ہیں۔ ایسی حکومت کی عالمی سطح پر کیا ساکھ ہوگی جس کا وزیراعظم اور آدھی سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہو۔ یہ لوگ اچھے وقت میں پاکستان اورجب مشکل وقت آتاہے تو ملک سے باہر بھاگ جانا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا مرنا جینا پاکستان کے ساتھ ہے۔ عمران خان پہلے بھی پاکستان میں تھے اور اب اقتدار ختم ہونے کے بعد بھی پاکستان میں ہیں۔ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان اور پاکستان کی عوام کے ساتھ ہے۔ انہیں پاکستان کے ساتھ ہمدردی ہے۔ عوام بھی عمران خان کو چاہتے ہیں۔ عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔ عمران خان کا بیانیہ عوام کے دلوں میں رچ‘بس گیا ہے۔ عوام نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا پی پی‘ ن لیگ قیادت نے ملک میں 11سو ارب روپے کی کرپشن کی بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ عوام ان کی کرپشن اور بدعنوانیوں کی بدولت ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔ انہیں متبادل قیادت کی تلاش تھی۔ عمران خان کی صورت میں پاکستان کی عوام کو ایک متبادل قیادت میسر آگئی ہے۔ جو خلوص نیت سے پاکستان کی ترقی کا سوچتے ہیں۔ قوم کی امیدوں کا واحد مرکز عمران خان کی ذات ہے۔ اور پوری قوم عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ عمران خان ہی ہیں جو ملک کو بحرانوں کی دلدل سے درست سمت کی طرف لیکر جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی غیور عوام نے پی پی‘ ن لیگ کو ماضی میں بھی مسترد کیا۔ ضمنی انتخابات میں بھی مسترد کیا اور اب ایک بار پھر عوام 16اکتوبر کو بلے پر مہر لگا کر چوروں اور لٹیروں کو مسترد کریں گے۔ عوام کی جانب سے ایک بار پھر امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کرنے کا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا پی پی کا پنجاب سے صفایا ہو چکا ہے۔ سندھ کے کچھ علاقوں تک محدود ہو چکی ہے۔ پی پی قیادت نے حالیہ سیلاب کے دوران سندھ کی عوام کو نظرانداز اور مایوس کیا۔ سندھ کے عوام زرداری اور بلاول سے مایوس ہیں۔ اورانکی نظریں متبادل قیادت عمران خان کی طرف ہے۔ جلد ہی تحریک انصاف سندھ کا رخ کرے گی۔ اگلے انتخابات میں پی پی کوسندھ میں بھی بڑا سرپرائز دیں گے۔ انہوں نے کہا این اے 157 کی عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ عمران خان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور 16اکتوبر کو بلے پر ٹھپہ لگا کر پی ڈی ایم کے امیدوار کو مسترد کرکے ثابت کریں گے کہ ملتان ماضی میں بھی تحریک انصاف کا گڑھ تھا اور اب بھی تحریک انصاف کاگڑھ ہے۔ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد نے تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہربانو قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔
حکومتی کارکردگی مایوس کن، عمران خان کا بیانیہ عوام کے دلوں میں رچ بس گیا ہے،شاہ محمودقریشی







