بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مفتاح کو ہٹانے کا فیصلہ کہاں ہوا؟اہم تفصیلات سامنے آگئیں

لندن(ممتاز نیوز)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ سنٹرل لندن کے ایک اپارٹمنٹ میں ہونے والی تین اہم ملاقاتوں میں کر لیا گیا تھا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مفتاح کی جگہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے سے متعلق پہلی ملاقات وزیراعظم شہبازشریف کے لندن سے نیویارک روانہ ہونے سے قبل ہوئی ،یہ ملاقات مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف ،وزیراعظم شہبازشریف اور اسحاق ڈار کے درمیان ہوئی ۔ ان ملاقات کا مقام خفیہ رکھا گیا،ان تین ملاقاتوں میں سے پہلی ملاقات حسن نواز کے دفتر میں نہیں بلکہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر جواد سہراب ملک کے اپارٹمنٹ میں ہوئی ، دوسری ملاقات شریف برادران اور اسحاق ڈار کے درمیان ہفتے کے روز ایک اور اپارٹمنٹ میں ہوئی ،ابتدائی طور پر کہا گیا کہ یہ ملاقات خفیہ مقام پر ہوئی تاہم اپارٹمنٹ کے پردے اور فرنیچر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ملاقات ایون فیلڈ فلیٹس ،اسحاق ڈار کے گھر یا حسن نواز کے دفتر میں نہیں ہوئی ۔ جلد ہی یہ بات سامنے آئی کہ یہ ملاقات بھی جواد سہراب ملک کے اپارٹمنٹ میں ہوئی جو لندن کے انتہائی مہنگے علاقے میں واقع ہے ۔ تیسری ملاقات بھی اتوار کو اسی مقام پر ہوئی جس میں مفتاح اسماعیل ،مریم اورنگزیب اور ملک احمد خان موجود تھے ۔ اس ملاقات میں یہ طے پایا کہ اسحاق ڈار وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان جائیں گے اور منگل کو وزیرخزانہ کا حلف اٹھائیں گے ۔