اسلام آباد(ممتا زنیوز)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے چیف ایکزیکٹو آفسر پیسکو انجنیئر گل نبی سید کو خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع خصوصاً بنوں ، لکی مروت اور ٹانک کے عوام کو بجلی سے متعلقہ درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ۔ یہ ہدایت انہوں نے جمعرات کے روز چیف ایکزیکٹو آفسر پیسکو سے ہونے والی اپنی ملاقات کے دوران کی۔ ملاقات میں جنوبی اضلاع میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ٹرانسفارمرز کی تنصیب ،بجلی کی ٹرپنگ، میٹرز کی فراہمی کے عمل کو آسان بنانے اور بجلی سے متعلق دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے عوام کو لوڈ شیڈنگ، لو وولٹیج اور ٹرپنگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ڈپٹی اسپیکر نے بنوں میں خراب بجلی ٹرانسفرمرز کو فوری طور پر تبدیل کرنے اور بجلی کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جنوبی اضلاع کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے چیف پیسکو کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کا کہا۔ ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بنوں سمیت دیگر اضلاع میں رات کی تاریکی میں ٹرانسفارمرز کی چوری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفارمرز کی چوری کے عمل کو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور اس قسم کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ایگزیکٹو آفسر پیسکو انجنیئر گل نبی سید نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی، لوڈ شیڈنگ اور لو وولٹیج سمیت دیگر مسائل کے حل میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں ڈپٹی اسپیکر کو آگاہ کیا ۔انہوں نے ان مسائل کے حل کے لیے پیسکو کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور جنوبی اضلاع میں خراب ٹرانسفارمرز اور پرانی بجلی لائنز کی تبدیلی اور بجلی کے دیگر جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کروائی۔
جنوبی اضلاع کے عوام کے بجلی سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کیا جائے ڈپٹی اسپیکر کی چیف پیسکو کو ہدایت








