اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں اور اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ ضروری ہے۔ پاک اسٹریلیا پارلیمانی دوستی گروپ پارلیمانی سفارت کاری میں اہم کردار ادا کر رہا۔
انہوںنے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔پاکستان کو حالیہ تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اسپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ 11-15 اکتوبر کو روانڈا میں 145ویں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی جنرل اسمبلی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔
اس اجلاس میں پاکستان کی قومی اسمبلی نے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے ہنگامی قرارداد پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔قرارداد کا مقصد پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے ناقابل تلافی نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی فنڈ کرنا ہے۔اسپیکر نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مدد اور بحالی کے لیے آسٹریلوی حکومت کے تعاون کو سراہا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنرنے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کو اپنا بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے۔ آسٹریلوی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔انہوںنے کہا کہ آسٹریلیا موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی پی یو کے ذریعے عالمی فنڈ کے قیام کے لیے قومی اسمبلی آف پاکستان کے مطالبے کی حمایت کا یقین دلاتا ہے۔









