دبئی (طاہر منیر طاہر) 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں ایک خوبصورت محفل حمد و نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور یو اے ای میں مقیم پاکستانی ثنا خوانوں نے شرکت کی- محفل حمد و نعت کی سرپرستی چودھری خالد حسین صدرپاکستان سوشل سینٹر شارجہ اور وسیم نذرمحمد نے کی- شرکاء میں ملک شہزاد یونس، ملک فیاض، اطاعت وارثی، چودھری شاہد بشیر، عبدالمجید مغل، راجہ محمد سرفراز، پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم شہزاد، شیر اکبر آفریدی اور متعدد دیگرعاشقان رسول ﷺ شامل تھے- اس موقع پر قاری حضرات نے انتہائی خوش الحانی سے تلاوت کلام پاک سے حاضرین کے دلوں کو منور کیا- 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں وقوع پذیر ہونے والی اس پاک محفل میں حضور اکر م صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ بیان کرتے ھوئے مقررین نے کہا کہ الله تعا لیٰ نے آپ ﷺ کوعدل و احسان اور کائنات کے لیے خیر و برکت کا سرچشمہ بنا کر بھیجا ہے۔ آپ ﷺ کی ساری زندگی ہمارے لیے مشعل را ہ کی حیثیت رکھتی ہے- اگر آج ہم سیرت طیبہ کو اپنا لیں تو دنیا جہاں کی کامیابیاں ہمارا مقد ر بن سکتی ہیں، لیکن افسوس ہے کہ ہم اسلامی اقدار کو چھوڑ کر زمانے بھر میں رسوا ہو رہے ہیں- حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کا ہر ایک لمحہ ہمارےلئے قابل مثال ہے جسے ہمیں اپنانا چاہیے- رات دیر تک جاری رہنے والی محفل حمد و نعت کی نقابت کے فرائض حافظ زاہد علی نے بطریق احسن ادا کئے اور تمام ثنا خوانوں کوآپ ﷺ کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا موقع دیا- اس روحانی تقریب کے آخر میں اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی-










