اسلام آباد: پاکستان کی پارلیمانی محاذ پر بڑی کامیابی،سیلاب متاثرین کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی فنڈ کے قیام کے لیے آئی پی یو کی جنرل اسمبلی میں قرارداد پیش کردی گئی۔آئی پی یو کی 145 ویں جنرل اسمبلی کا اجلاس کیگالی (روانڈا) میں منعقد ہو رہا ہے، آئی پی یو کی جنرل اسمبلی اجلاس میں دنیا بھر کی 178 پارلیمانوں کے وفد شریک ہیں۔ قرارداد قومی اسمبلی کی جانب سے آئی پی یو کو بھیجی گئی تھی۔ قرارداد سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے پیش کی۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے آئی پی یو کے جنرل اسمبلی کے شرکاء کو پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی حمایت کی اپیل کی۔ قرارداد کی منظوری کی صورت میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی فنڈ کے قیام کی راہ ہموار گی، قرارداد کی منظوری سے ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فنڈز کی فراہمی ممکن ہو گی۔ فنڈز کے اجراء سے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ قرارداد پر حمایت حاصل کرنے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی نے آئی پی یو جیو پولیٹیکل گروپس کے سفارتکاروں سے ملاقاتیں کیں۔سپیکر نے سفراء کو اپنے ممالک کی پارلیمانوں کو پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجی گئی قرارداد کی منظوری کے لیے حمایت کے لیے آمادہ کرنے کے لیے کہا۔ سپیکر نے سفارتکاروں کو سیلاب میں گھیرے ہوئے پاکستانی عوام کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ روندا میں موجود پاکستانی پارلیمانی وفد نے بھی آئی پی یو کے ممبر ممالک کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔وفد کے اراکین نے آئی پی یو کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پیش کردہ قرارداد پر حمایت کی اپیل کی۔
پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی و موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے عالمی فنڈ کے قیام کیلئے آئی پی یو کی جنرل اسمبلی میں قراردادپیش








