بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی وزیر جاوید لطیف کی 2 مقدمات میں 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر جاوید لطیف کی 2 مقدمات میں 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے لاہور اور پشاور میں درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو جاوید لطیف کی گرفتاری سے روک دیا۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو صوبوں سے مقدمات کی تفصیل منگوانے کا حکم دے دیا۔ جاوید لطیف نے حفاظتی ضمانت منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے پاکستانی تباہی او بربادی کر دی ہے۔اب کوئی انہیں بیساکھی فراہم نہیں کر رہا۔

عمران خان ملک میں خون ریزی چاہتا ہے تاکہ یہ دوبارہ اقتدار میں آئے۔اعظم سواتی سے کوئی پوچھے گا جو اس نے ٹویٹ کیا۔

واضح رہے کہ جاوید لطیف کیخلاف لاہور اور پشاور میں مقدمات درج کئے گئے۔ پشاور میں مقدمہ پی ٹی آئی کے رکن رحمان اللہ کی درخواست پر درج کیاگیا۔ رحمان بابا پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں مختلف 10 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آرمیں کہا گیا کہ 14ستمبر کو پی ٹی وی پر ایک پریس کانفرنس کی گئی۔پریس کانفرنس کو مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی ایما پر نشر کیا گیا۔
پی ٹی وی حکام نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر کو سیاق وسباق سے ہٹ کر چلایا۔جاوید لطیف کیخلاف لاہور کے تھانہ گرین ٹاون میں بھی مقدمہ درج کیا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب،ایم ڈی پی ٹی وی اور پروگرام پروڈیوسر کے نام بھی مقدمے میں شامل کئے گئے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔وفاقی وزیر جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔