بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جنرل باجوہ نےکہانوازشریف نے ہمیشہ عزت دی، جوکہاکبھی انکار نہیں کیا،شہبازشریف کا دعویٰ

  اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ میں کاوے موسوی کا سابق وزیراعظم نوازشریف سے معافی مانگنا حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے، براڈ شیٹ سربراہ نے اعتراف کیا نیب نے غلط معلومات دیں، لیگی قائد اور ان کی فیملی کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔پارٹی رہنماوں احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے اجلاس میں مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔ ہمیں امید ہے کہ یہ کانفرنس افغانستان میں قحط سے نمٹنے کا حل تلاش کرے گی۔کاوے موسوی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے سربراہ نے نواز شریف سے معافی مانگتے ہوئے کہا حکومت اور نیب کے کہنے پر باریک بینی سے تحقیقات کی اور ایک دھیلے کی کرپشن تلاش نہیں کی جاسکی۔ حرام کی کمائی سے بنایا گیا اثاثہ، غیر قانونی فنڈز اور کرپشن تلاش نہیں کر سکا۔
براڈ شیٹ کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں ان کا تقرر کیا گیا تھا، اتنے سالوں کی تحقیقات پر شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کرنے پر انہیں کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نیب کی جانب سے دی گئی تمام اطلاعات غلط تھیں اور یہ باتیں ہوا میں کی گئی تھیں۔ سمجھتا ہوں کاوے بالآخر ایک بڑا انسان ہے جس نے غیر مشروط معافی مانگی، معافی نیازی نیب گٹھ جوڑ کے منہ پر تھپڑ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی سابقہ ٹوئٹ پوری قوم کے سامنے ہیں جس میں وہ برادڈ شیٹ کے اقدامات بتایا کرتے تھے، آج اس کا ڈراپ سین ہوا ہے، اللہ آج نواز شریف کی نیک نامی کو روزِ روشن کی طرح سامنے لے کر آیا ہے۔ قوم کے سامنے عمران نیازی کا جھوٹ ایک بار پھر سامنے آگیا ہے ۔
ن لیگی صدر نے کہا کہ 20 سال کی پوری تحقیقات کے نتیجے میں نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں ملا، نواز شریف کے دور میں جو ترقیاتی منصوبے بنائے گئے 74 سال میں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی، ایک دھیلے کی کرپشن تو دور کی بات ہے نواز شریف نے منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ عمران نیازی نے نہ صرف نواز شریف کے خلاف سازش کی بلکہ قوم کے وسائل کو بھی ان کے خلاف استعمال کیا انہوں نے جو پروپیگنڈے پھیلائے ہیں اس کو ختم کرتے کرتے سال لگ جائیں گے۔
نواز شریف کے وطن واپس آنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انہیں اجازت دیں گے وہ وطن واپس آجائیں گے۔ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ عدالتی جو کر رہی ہیں وہ عدالتوں کا کام ہے اس شخص کی معافی سامنے آئی ہے جسے جنرل مشرف نے مقرر کیا تھا، اب عدالتیں اس کو کس طرح لیتی ہیں وہ عدالتوں کا کام ہے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کا قافلہ 24 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا، اسکی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کریں گے اور یہ قافلہ پُر امن لیکن پُرجوش طریقے سے روانہ ہوگا۔تحریک عدم اعتماد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیکر 14 ایام میں اجلاس بلانے کے پابند تھے، انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی، سپریم کورٹ میں کارروائی چل رہی ہے، اسپیکر کو 14 روز اجلاس بلا کر حکومت کی قوت ثابت کرنی چاہیے تھی۔
ایک سوال پر شہبازشریف نے کہاکہ فیٹف ودیگر معاملات پر ہونے والے کئی اجلاسوں میں موجودہ آرمی چیف نے صاف الفاظ میں کہا کہ نوازشریف نے میری ہمیشہ عزت کی ،انہوں نے یہ بھی کہاکہ میں نے افواج پاکستان کے حوالے سے جب بھی نواز شریف کو کوئی کام کہا تو انہوں نے کبھی مجھے انکار نہیں کیا ،آرمی چیف کی یہ بات صرف میں نہیں سنی بلکہ وہاں درجنوں زعما بھی موجود تھے ،اس موقع پر پاس بیٹھے احسن اقبال اور شاہد خاقان نے بھی سر ہلا کر شہبازشریف کی بات کی تائیدکی۔