اسلام آباد ( ممتازنیوز ) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی نے کہا کہ گوادر آئندہ اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن کر ابھرے گا لہذا بزنس کمیونٹی گوادر پر توجہ دے جہاں ان کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بلوچستان کے عوام سمیت پورے ملک کیلئے خوشحالی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذا سرمایہ کاروں کو اس میں خصوصی دلچسپی لینی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری کو گوادر میں ترقیاتی کاموں کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے کیا۔مجیب الرحمان قمبرانی نے کہا کہ گوادر میں 2500 ایکڑ رقبے پر محیط ایک مرکزی کاروباری ضلع قائم کیا گیا ہے جو سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ،جو کہ خطے کے سب سے بڑے ائیرپورٹس میں سے ایک ہے، ستمبر 2023 میں کام شروع کر دے گا جبکہ مارچ 2023 میں اس کی پہلی آزمائشی پرواز چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں جن میں بوٹ پارکنگ پیڈیزر، جیٹی سٹرکچر، پشوکان جیٹی، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، میرین ڈرائیو، اسکول، ہسپتال، ریسٹورنٹ، سینٹرل پارک، پیڈیزر پارک، ساحلی ماڈل پارک، سیاحتی سہولیات، کرکٹ اسٹیڈیم اور چھوٹی ٹک شاپس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنا ایک وفد گوادر کے دورے پر بھیجے تاکہ وہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لے سکے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ گوادر میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ اسے فعال بنایا جا سکے جس سے صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی پروازوں کو گوادر میں اتارا جائے تاکہ اسے دبئی اور قطر کی طرح کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے دوسرے بڑے شہروں سے ملایا جائے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ حکومت گوادر کو ملک کا سرمائی دارالحکومت قرار دے تاکہ اسے اقتصادی سرگرمیوں کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات کو تلاش کرنے کے لیے اپنا وفد گوادر بھیجنے پر غور کرے گا۔چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، ناصر قریشی، محمد شکیل منیر، اجمل بلوچ، فصیح اللہ خان، اختر حسین، خالد محمود، چوہدری جاوید اقبال، شیخ محمد اعجاز، ڈاکٹر محمد عثمان، محمد یحییٰ، محمد شبیر، رضوان چھینہ، چوہدری محمد علی، خالد چوہدری، حسن اقبال گردیزی، محترمہ پروین خان، محترمہ نینا علی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔









