بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ارشد شریف قتل کیس، کینیا میں پاکستانی ٹیم کی تحقیقات، بیانات قلمبند

نیروبی: ارشد شریف قتل کیس کی کینیا میں تحقیقات کرنے والی پاکستانی ٹیم نے وقار احمد اور خرم احمد کے بیانات قلمبند کر لیے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے دونوں بھائیوں کے بیانات قلمبند کرنے کے علاوہ ان سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔
وقار احمد نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا ہے کہ ارشد شریف میرے گیسٹ ہاؤس پر گزشتہ دو ماہ سے قیام پذیر تھے، کسی دوست نے ارشد شریف کی میزبانی کا کہا تھا، اس سے قبل ارشد شریف سے صرف ایک بار کھانے پر ملاقات ہوئی تھی۔
وقار احمد نے بتایا کہ نیروبی سے باہر اپنے لاج پر انہیں کھانے پر مدعو کیا تھا، واقعے کے روز ارشد شریف نے لاج پر ساتھ کھانا کھایا، کھانے کے بعد ارشد شریف میرے بھائی کے ساتھ گاڑی میں نکلے، آدھے گھنٹے بعد گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع آئی۔
تحقیقاتی ٹیم کو خرم احمد نے بتایا کہ لاج سے نکلنے کے بعد 18 کلو میٹر کا کچا راستہ ہے اور پھر سڑک شروع ہوتی ہے، سڑک شروع ہونے سے تھوڑا پہلے کچھ پتھر رکھے ہوئے تھے، پتھروں کو کراس کرتے فائرنگ ہو گئی، فائرنگ سے خوفزدہ ہو کر میں نے گاڑی بھگا لی۔
وقار احمد کے مطابق خرم احمد واقعے کے دوران معجزانہ طور پر محفوظ رہے، ارشد شریف کے زیرِ استعمال آئی پیڈ اور موبائل فون کینیا حکام کے حوالے کر دیے۔
وقار احمد نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ ارشد شریف نیروبی منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے، ارشد شریف نے ویزے کی مدت بھی بڑھوائی تھی۔