لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صحافی صدف نعیم کی بیٹی اور شوہر کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کر دیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے خاتون رپورٹر مرحومہ صدف نعیم کی بیٹی اور بیٹے سے ملاقات کرتے ہوئے اہل خانہ کو 50لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک بھی دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے اکاونٹ سے پیغام جاری کیا گیا کہ، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ایوان وزیراعلیٰ میں مرحومہ صدف نعیم کی بیٹی نمرہ اور بیٹے اذان اور چچا سے ملاقات کی ، ملاقات میں مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ، وزیر اعلیٰ نے مرحومہ کی بیٹی نمرہ نعیم کو 50لاکھ روپےکی مالی امداد کا چیک دیا جبکہ ساتھ ہی صدف نعیم کی بیٹی اور شوہر کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا ۔
چینل فائیو کی سینئرصحافی صدف نعیم مرحومہ کی بیٹی نمرہ نعیم، بیٹے اذان نعیم، چچانوید بھٹی اورقریبی سہیلی مروہ انصر سے ملاقات.صدف نعیم مرحومہ کے اہل خانہ کے ساتھ افسوسناک واقعہ پردلی ہمدردی ہے۔صدف نعیم مرحومہ کی بیٹی نمرہ نعیم کو 50لاکھ روپے مالی امداد کا چیک دیاگیا ہے#SadafNaeem pic.twitter.com/wlkWyZJttY
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) October 31, 2022
وزیراعلی پرویزالٰہی نے مرحومہ کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدف نعیم کی ناگہانی وفات پر شدید رنج وغم ہوا ۔ وہ غم کی گھڑی میں اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ،واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کامونکی جاتے ہوئے راستے میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکرنجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہوگئی تھیں۔









