وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مجھے 100 فیصد یقین ہے عمران خان نے اپنے اوپر خود حملہ کرایا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا جب 126 دن کا دھرنا تھا تب بھی عمران خان کو فیس سیونگ چاہئے تھا اور ابھی لانگ مارچ کی بلی تھیلے سے باہر نکل رہی تھی اور یہ 7 دن تک لاہور کے ارد گرد ہی گھومتے رہے تو اس نے یہ سارا ڈرامہ رچایا۔
رانا تنویر نے کہا عمران خان کے سیاسی عزائم پورے نہیں ہورہے تھے، عمران خان کے آگے تو بڑی پروٹیکشن تھی، اتنے لوگ موجود تھے، کیسے لوگوں کے بیچ میں سےعمران خان کے پاؤں میں جاکر گولی لگی؟، کنٹینر کے اوپر سے گارڈز نے فائرنگ کی جو نیچے کھڑے لوگوں کو لگیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی رانا تنویر نے کہا لوگ ہمیں کہتے ہیں عمران خان کو بڑی ڈھیل دی ہوئی ہے، ایک شخص پاکستان کو کمزور کرنے کے در پر ہے، جو بھی افواج پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کرے تو قانون کے مطابق سخت ایکشن لینا چاہئے۔
رانا تنویر نے کہا کہ اعظم سواتی ویڈیو کے معاملے پرچیئرمین سینیٹ نے کمیٹی بنائی ہے، ویڈیو سے متعلق حقائق جلد سامنے آجائیں گے، جعلی ویڈیو بنا کر چلادیتے ہیں اور لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جب سے سیاست میں آئے ایک ہی کام ہے الزامات لگانا، یہ جھوٹا اور سازشی شخص ہے جو ہمارے معاشرے کیلئے ناسور بنا ہوا ہے۔ وزیراعظم جلدچیف جسٹس کوفل کورٹ کمیشن کیلئے خط لکھ دیں گے۔
عمران خان نے اپنے اوپر خود حملہ کرایا، وفاقی وزیر رانا تنویرحسین








