بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد کے راستے بند، مری روڈ فیض آباد سے اقبال پارک تک بلاک، گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی

راولپنڈی/ اسلام آباد (ممتازنیوز )راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجا ج کے دوران مری روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک بند کر دی ،مری روڈ فیض آباد سے اقبال پارک تک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران پرانا ایئر پورٹ روڈ گلزار قائد کے پاس سڑک بلاک کر دی،شمس آباد کے مقام پر مری روڈ ٹائر جلا کر ٹریفک بند کر دی، مری روڈ فیض آباد سے اقبال پارک تک بلاک، گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی۔ادھر اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے سے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے بند کر دئیے ہیں، اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور پاکستان رینجرز کے دستے روانہ کر دئیے گئے ہیں، وفاقی حکومت کو درخواست بھیجی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 3 اور 4 کے تحت صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ موٹروے اور ایئر پورٹ کے راستے کھلے رکھے جائیں۔ٹوئٹر پیغام میں وفاقی پولیس کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر کے خلاف تھانہ نون میں مقدمات درج کیے جائیں گے، عوام سے بھی گزارش ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی اور شرپسند عناصر کے خلاف اطلاع پکار 15 پر دیں۔
دریں اثناپاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کی بندش کے معاملہ پر پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کا رات گئے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پرویز خٹک، شیخ راشد شفیق، عامر کیانی کے وارنٹ لے لئے گئے ہیں، علی امین گنڈا پور اور ملک عامر ڈوگر کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسلام آباد ایئرپورٹ تک رینجرز، ایف سی اور وفاقی پولیس کا گشت پر مامور کیا جائے گا، اسلام آباد ائیر پورٹ تک روڈ بند کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔