اسلام آباد: وفاقی سرکاری ملازمین اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار،ملک بھر کے سرکاری ملازمین کل غیر معینہ مدت کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کل 8 نومبر کے دھرنے کا اعلان 13 اکتوبر کو کیا تھا۔ چیف کوارڈینیٹر آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس رحمان باجوہ کے مطابق حکومت نےاگر مطالبات منظور کر لئے تو دھرنا یومِ تشکر میں تبدیل کر دیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ دھرنا مکمل طور پر غیر سیاسی ہے، دھرنے میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان،آزاد کشمیر سے ملازمین شرکت کریں گے، وفاق کی تمام سرکاری ملازمین تنظیمیں و ایسوسی ایشنز حصہ لیں گی۔انہوں نے کہاکہ16 ہزار انجینئرز بھی لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ دھرنے میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ تنخواہوں میں تفریق کے شکار وفاقی ملازمین کو ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے، گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کی تنخواہ میں150 فیصد اضافہ کیا جائے، 11 فروری معاہدے اور 12 اپریل 2021 کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سفارشات پر عمل کیا جائے، صوبائی طرز پر گریڈ ایک سے 16 کے وفاقی ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جائے،ہاؤس رینٹ، میڈیکل، کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا جائے،ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ، ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا جائے،مہنگائی کے تناسب سے پنشنرز کی پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔
مطالبات پورے نہ ہونے پر سرکاری ملازمین کل پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے








