ملتان (مقبول حسین )مسلم لیگ (ن) ملتان کے ضلعی عہدیداران نے وفاقی حکومت،چیف جسٹس آف پاکستان،چیف آ ف آ رمی سٹاف سے عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر کے کاروائی کا مطالبہ کر تے ہوئےکہا ہے کہ اگر اس سلسلے میں سنجیدگی سے نوٹس نہ لیا گیا تو ملک مزید بحرانوں کا شکار ہو سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن ملتان کے ضلعی صدر بلال بٹ،جنرل سیکرٹری شیخ اطہر ممتاز،سینئر نائب صدر شاہد مختار لودھی،منیر اختر لنگاہ،عابد باکسر، حاجی ارشد بوٹا، مطیع الحسن بخاری ودیگر کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
بلال بٹ نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ نہیں بلکہ معافی مارچ ہے لیکن اب اس کو معافی دینے کی بجائے اس پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے جس نے ملک وقوم کو تباہی وبربادی کے دہانے پر پہنچا دیا معاشی بدحالی کی وجہ سے حالات اس نہج تک پہنچ گئے ہیں کہ غریب شہری کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی ہے حالیہ سیلاب کی وجہ سے تین کروڑ سے زائد متاثرین سیلاب تباہ حالی کا شکار ہیں اسی لیے الیکشن 2023 کی بجائے 2024 میں کرائے جائیں تاکہ ملکی معیشت مستحکم ہو اور متاثرین سیلاب زدگان کو بھی بھرپور سہارا مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاک فوج اور آ ئی ایس آئی سمیت حکومت کے خلاف جو زبان استعمال کررہے ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے پاکستان کی تاریخ میں وزیر آ باد میں جو ڈرامہ کیا گیا وہ ملکی تاریخ پر بڑا دھبہ ہے پاؤ ں کو گولی چھو کر نکل گئی لیکن گولی کا ڈرامہ رچاکر وزیرآ باد،گجرات،لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ایم ایل سی کی بجائے عمران خان چار گھنٹے کا سفر کرکے شوکت خانم ہسپتال پہنچ گئے کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں ان کا جھوٹ سامنے آ سکتا تھا دراصل عمران خان ایف آئی آر درج ہی نہیں کرانا چاہتے کیونکہ وہ جن تین شخصیات کے خلاف ایف آئی آر درج کرانا چاہتے تھے ان میں وزیراعظم ،ڈی جی آ ئی ایس آئی اور وزیر داخلہ ہیں حالانکہ جو ملزم پکڑا گیا اس نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں کہا یہ عمران خان اور چوہدری پرویز الٰہی کے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ چار پانچ سو اہلکار ان کے ہمراہ تھے اگر وزیر آ باد حملہ میں کوئی دوسرا شخص ملوث تھا تو اتنی سیکیورٹی اور لوگوں سے بچ کر کہاں بھاگ گیا پرویز الٰہی نے بھی یہی ڈرامہ کیا تھا کہ ان کے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی اور عمران خان نے بھی وہی ڈرامہ کیا پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی دنیا کے سب سے طاقتور ادارے ہیں جن پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے پاک فوج اور آئی ایس آئی پر ذرہ برابر بھی حرف نہیں آ نے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ملک وقوم کے لیے 26 سال کی جدوجہد نہیں بلکہ ملک وقوم کو لوٹنے اور معاشی ،سیاسی ،معاشرتی عدم استحکام اور قومی اداروں کو کمزور کرنے کی جدوجہد ہے جو ملک وقوم کے اربوں روپے کے اثاثے ہڑپ کر گیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی تنقید برائے اصلاح تھی لیکن عمران خان اور اس کے ساتھی جو کچھ کررہے ہیں وہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے اور شاہ محمود قریشی بھی پیچھے نہیں رہے وہ بھی وہی زبان استعمال کررہے ہیں جو ان کا نااہل خان کررہا ہے پولیس آپ اور ہم سب کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیتی ہے اور پی ٹی آئی انہی کے خلاف بدزبانی کررہی ہے جس کی جتنی مزمت کی جائے وہ کم ہے ۔
(ن)لیگ ملتان کے ضلعی عہدیداران کا عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ








