ایتھوپیا کے وزیراعظم آئی سی سی آئی کی بزنس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ جمیل بیکر عبداللہ
تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھا کر باہمی تجارت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ احسن ظفر بختاوری
اسلام آباد : پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر جیمل بیکر عبد اللہ نے ادیس ابابا میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایتھوپیا کے وزیر اعظم اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے جبکہ وہ بطور سفیر اسے کامیاب بنانے کے لیے چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک افریقی ممالک کے لیے ایک گیٹ وے ہے اور پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے افریقی خطے کے ساتھ اپنی برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا نے کاروبار ی اصلاحات کی ہیں اور اب ایتھوپیا افریقہ میں پیداراوی سرگرمیوں کا مرکز ہے لہذا پاکستان کے سرمایہ کار ایتھوپیا میں صنعتی یونٹس قائم کرنے پر غور کریں جس سے وہ افریقی خطے کے ساتھ اپنی برآمدات کو بہتر ترقی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا ایئر لائن ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے جس سے پاکستانی تاجروں کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے افریقہ کا دورہ کرنے میں سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان موجودہ تجارت کم ہے جس کو کافی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کو چائے، کافی، گوشت اور دھاتوں سمیت دیگر مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جبکہ پاکستان ایتھوپیا کو چاول، کیمیکل، فوڈ پراڈیکٹس، کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، ادویات، آئی ٹی مصنوعات اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک بین البراعظمی تجارت، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایتھوپیا کی سالانہ درآمدات 18ارب ڈالر سے زائد ہیں اور سالانہ برآمدات تقریباً 8 ارب ڈالر ہیں تاہم پاکستان اور ایتھوپیا کی باہمی تجارت صرف 21ملین ڈالر ہے جو کہ دونوں کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا تجارت کو فروغ کے نئے شعبوں تلاش کے لیے تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلے کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور تجارتی روابط مضبوط ہوں گے۔
احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان اچھے معیار کی سرجیکل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات تیار کر رہا ہے اور ایتھوپیا ان میں سے زیادہ تر مصنوعات درآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایتھوپیا کو چاہیے کہ وہ غیر ملکی فارماسیوٹیکل مصنوعات کی رجسٹریشن لاگت کو کم کرے تاکہ پاکستان ایتھوپیا کو ان مصنوعات کی برآمدات بڑھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا اور دیگر افریقی ممالک کوسیمنٹ بھی برآمد کر سکتا ہے۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، خالد چوہدری، شیخ عبدالوحید، راجا امتیاز، محمد سعید خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایتھوپیا کے سفیر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ








