بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عدم اعتماد، بلوچستان عوامی پارٹی کے4میں سے3 ارکان کا اپوزیشن کی حمایت کااعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) بھی ق لیگ کی طرح حکومت یا اپوزیشن کی حمایت کے معاملے پر تقسیم،قومی اسمبلی میں باپ کے چار میں سے تین ارکان نے اپوزیشن جب کہ وفاقی وزیرزبیدہ جلال نے حکومت کی حمایت کا فیصلہ کرلیا۔پیر کو اپوزیشن رہنماوں آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمن، شہبازشریف ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باپ کے خالد مگسی ،اسرارترین اور احسان اللہ ریکی نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا جب کہ وفاقی وزیرزبیدہ جلال پریس کانفرنس میں نہ آئیں۔اس سے پہلے ق لیگ بھی حکومت کی حمایت کے معاملے پر تقسیم ہوگئی۔ق لیگ کے ایک رکن وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ نے وزارت سے مستعفی ہونے اور وزیراعظم کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کیاتھا۔دریں اثناپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہم ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور اپنے بھرپور اعتماد اور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ بی اے پی کےفیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ بہت جلد شہباز شریف کو وزیراعظم بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی اے پی نے فیصلہ پاکستان کے بہتر مفاد میں کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ابھی بھی بات چیت کی گنجائش ہے، پہلے ق لیگ کے پاس 7 اور بی اے پی کے 5 ممبران تھے، آج بی اے پی کے ممبران کی تعداد 7 اور ق لیگ کے پاس 5 ہوگئی ہے۔
اس سوال پر کہ آپ نے بلوچستان میں نواز شریف کی حکومت کس کے کہنے پر گرائی؟ بی اے پی کی رہنما خالد مگسی نے صحافی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سوالات نہ کیا کریں جس کا تعلق نہ ہو، فوج کا نام لیتے ہوئے ڈرتے کیوں ہیں۔اس موقع پر اختر مینگل نے کہا کہ سب جماعتیں ایک پیج پر ہیں، ایک پیج پر لانے پر حالات نے مجبور کیا فوج نے نہیں۔