بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں تعاون کروں گا۔ عرفان نواز میمن
مارکیٹ یونینوں کی مشاورت سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔احسن بختاوری
اسلام آباد : ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی اسٹیک ہولڈر ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کے اہم مسائل کے حل کے لیے تعاون کریں گے اوراس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات ٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی تشکیل دے کر مارکیٹوں میں تجاوزات، بورڈ ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس سمیت تاجر برادری کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عرفان نواز میمن نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلسل واٹر بورنگ کی وجہ سے پانی کی سطح دن بدن نیچے جا رہی ہے اور مستقبل میں وفاقی دارالحکومت میں پانی کی قلت ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری اس مسئلے کے بارے میں اپنی آواز اٹھائے تا کہ اس کا کوئی بہتر حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں جاری فراڈ کی روک تھام کے لیے تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نالوں پر عمارتوں کی تعمیر ایک سنگین مسئلہ ہے اور تاجر برادری اس مسئلے کے حل کے لیے بھی تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے کمرشل اور صنعتی عمارتوں میں فائر الارم، آگ بجھانے کے آلات اور پانی کے ٹینکوں کا انتظام کیا جائے جبکہ ایسی کوششوں میں وہ بزنس کمیونٹی کی معاونت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے دیگر اہم مسائل کے حل کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
س موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو آگاہ کیا اور ان کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو فائر فائیٹنگ کی سخت ضروریات کو پورا کرنے کے نوٹس جاری کرنے کی بجائے ان کی مشاورت سے ضروریات پر نظر ثانی کی جائے تاکہ بزنس کمیونٹی کیلئے ان کو پورا کرنا آسان ہو۔ انہوں نے کہا کہ جناح سپر مارکیٹ میں دو انڈر گراؤنڈ پارکنگ کو فعال کیا جائے اور ایف ایٹ مرکز سے عدالتوں کی منتقلی کا عمل تیز کیا جائے تا کہ بزنس کمیونٹی کو کاروبار کرنے میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ مارکیٹ یونین کی مشاورت سے مارکیٹوں سے تجاوزات دور کی جائیں اور احساس پروگرام کے تحت لگائی گئی رہڑھیوں کو مارکیٹوں سے دورایک الگ جگہ پر لگایا جائے تا کہ مارکیٹوں کا کاروبار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ٹیکس لوکل گورنمنٹ کے دائرہ اختیار میں ہے لہذا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے مکمل ہونے تک اس ٹیکس کو ملتوی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ ٹیکس 2014 کے گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق وصول کیا جائے اور ٹھیکیداروں کے ڈبل ریٹ پر نظر ثانی کی جائے۔
چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، میاں شوکت مسعود، طاہر ایوب، بابر چوہدری، زاہد قریشی، چوہدری محمد علی، عبدالرحمن صدیقی، راجہ حسن اختر، احمد خان، خالد چوہدری، سیف الرحمان خان اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو صنعتی علاقوں اور مارکیٹوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کو حل کرنے مفید تجاویز پیش کیں۔