اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ایم کیوایم نے تحریک عدم اعتماد پر حمایت کے لئے حکومت کو تین مطالبات پیش کردیئے۔پری کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی رہنماؤں نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کی۔ملاقات پارلیمنٹ لاجز وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سیّد امین الحق کی رہائشگاہ پر ہوئی، حکومتی وفد میں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، عمران اسماعیل اور علی زیدی شامل ہوئے جبکہ متحدہ وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، وسیم اختر، امین الحق، فروغ نسیم، خواجہ اظہار الحسن، کشور زہرہ، کنور نوید جمیل، صادق افتخار شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کروائی تحریک عدم اعتماد پر پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دوستوں کو قائل کریں گے، اتنا عرصہ اکٹھے چلتے آئے ہیں، آئندہ بھی چلیں گے، ایم کیو ایم ہمارے حلیف ہیں، ہمارے اور ان کے آگے چلنے میں دونوں کیلئے بہتری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی صاحب نے مہربانی فرمائی ہے اور تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ دیں گے، انہیں وزارتِ اعلیٰ پنجاب کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔دریں اثنانجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے وسیم اخترنے کہاکہ ہم نے حکومت کے سامنے تین مطالبات رکھے ہیں، ہمارے سو لاپتہ لوگ گھر آنے چاہئیں، ہمارے بنددفاتر کھلتے نظر آنے چاہئیں اور ہمارے خلاف جعلی کیسزختم کرائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ملک کے چیف ایگزیکٹو ہیں ہمارے مسائل حل حل کرائیں۔
لاپتہ کی بازیابی،دفاترکی بحالی،جعلی کیسزکاخاتمہ،ایم کیوایم نے حکومت کو3شرائط پیش کردیں








