اسلام آباد(ممتاز نیوز) ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید بلوچ نے نیشنل اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دفتر پر وحشیانہ حملے، ملازمین کو زدوکوب کرنے اور اغوا کرنے کے مرکزی مجرموں زاہد محبوب، شمس خان اور افضل بابر کی ضمانتیں خارج کرکے مرکزی ملزمان شمس خان، زاہد محبوب، افضل بابر کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 5 نومبر کی رات کو جرائم پیشہ افراد نے مسلح ساتھیوں کے ساتھ اسلام آباد میں اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، تین ملازمین کو اغوا کیا اور باقی ملازمین، بزرگ شہریوں اور گھر والوں کو گھروں میں گھس کر مارا پیٹا، تالے توڑ دئیے، سیکیورٹی کیمرے اور دوبارہ ریکارڈ چھین لیا۔ چیف کمشنر سرفراز قمر ڈاہا کی شکایت پر تھانہ آبپارہ میں مقدمہ نمبر 898/2022 درج کیا گیا، اور 4 مجرموں کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا، باقی پولیس کے آنے پر فرار ہو گئے، اور آج 3 مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ چیف کمشنر سرفراز قمر ڈاہا نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اسکاؤٹ تنظیم امن کی پیامبر ہے اور ہم نوجوان نسل میں سچائی، ہم آہنگی، بھائی چارے اور کردار سازی کے فروغ کے لیے کام کرتے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہماری اسکاؤٹ تنظیم پر اس طرح حملہ ہو رہا ہے اور یہ سب کچھ اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سے درخواست کی ہے کہ ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اور اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹر کی سیکیورٹی کے فوری انتظامات کیے جائیں، تاکہ ملازمین اور اسکاؤٹس یہاں بلا خوف کام کر سکیں۔










