وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی (Bilal Azhar Kayani)نے کہا ہے کہ حکومت نے چھوٹے کاروباروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرائی ہے، جسے تاجروں کی مشاورت اور رہنمائی سے تیار کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی تاجر ٹیکس اسکیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان تاجر اسکیم کی تیاری کے دوران تاجر برادری کے ایک ایک نکتے پر تفصیلی گفتگو اور طویل مشاورت کی گئی۔
’تاجروں کی رہنمائی میں اسکیم کو ڈیزائن کیا گیا تاکہ ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تاجر برادری اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہی ہے، جبکہ حکومت تاجروں کی شکایات کے ازالے کیلئے بھی کوشاں ہے۔
’آسان ٹیکس اسکیم کا بنیادی مقصد چھوٹے کاروباروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔‘
وزیر مملکت خزانہ نے بتایا کہ آج باقاعدہ طور پر ٹیکس دینے والے تاجروں کے لیے سبز پلیٹ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور عملی طور پر پہلی سبز پلیٹ پشاور کے ایک تاجر کو جاری کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد عہدے کا چارج سنبھال لیا
’ابتدائی طور پر ملک بھر سے تاجروں کیلئے 50 سبز پلیٹس جاری کی گئی ہیں، جو چھوٹے کاروباری افراد کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوں گی۔‘
بلال اظہر کیانی کے مطابق اب تک تقریباً 5 ہزار تاجروں نے اپنے گوشوارے جمع کرا دیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس دکان پر سبز پلیٹ نصب ہوگی وہاں ایف بی آر کے عملے کا معمول کا عمل دخل ختم کر دیا جائے گا اور عملہ دکان پر آ کر پوچھ گچھ نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سبز پلیٹ لگنے کے بعد متعلقہ تاجر کا ایف بی آر کی جانب سے آڈٹ نہیں کیا جائے گا، جبکہ اسکیم کے ذریعے تاجروں کو ایک ایسا آسان اور شفاف نظام فراہم کیا جا رہا ہے جس میں انہیں غیر ضروری دفتری کارروائی اور مداخلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کا مقصد تاجروں کو سہولت فراہم کرنا اور ٹیکس نظام پر اعتماد بحال کرنا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ چھوٹے کاروبار باقاعدہ طور پر ٹیکس نیٹ کا حصہ بن سکیں۔









