بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گھر کی حفاظت کے لیے اُڑتے اور رینگتے روبوٹس متعارف

گھروں اور کاروباری مراکز کی حفاظت کے لیے اب صرف دیواروں پر لگے کیمروں اور الارم پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ایمیزون کی کمپنی ’رِنگ‘(Ring) نے گھر اور کاروباری مراکز کی حفاظت کے لیے اے آئی سے لیس دو نئے خودکار سیکیورٹی آلات متعارف کرا دیے ہیں، جن میں گھر کے اندر پرواز کرنے والا ڈرون کیمرا اور زمین پر چل کر نگرانی کرنے والا روبوٹ شامل ہے۔

کمپنی کے نئے منصوبے کا نام ’رنگ روبوٹکس‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت دو مختلف ڈیوائسز پیش کی گئی ہیں۔ ان میں ’رنگ ڈرون کیم‘ گھروں کے اندر پرواز کرکے نگرانی کرے گا، جبکہ ’رنگ روور کیم‘ کاروباری مراکز میں زمین پر چلتے ہوئے سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گا۔

یہ پیش رفت اس اعتبار سے اہم ہے کہ رِنگ اب ایسے سیکیورٹی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے جو صرف ایک جگہ نصب رہ کر ریکارڈنگ نہیں کرتے بلکہ ضرورت پڑنے پر خود متعلقہ مقام تک پہنچ کر صورتحال کا جائزہ بھی لیتے ہیں۔

ان دونوں ڈیوائسز میں رِنگ کا تیار کردہ مصنوعی ذہانت کا نظام ’اے آئی پائلٹ‘ استعمال کیا گیا ہے۔ یہ نظام کیمروں، خصوصی ویژن ماڈلز، اندرونی سینسرز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی مدد سے اپنے اردگرد کے ماحول کو سمجھتا ہے۔

مزیدپڑھیں:پنجاب حکومت نے میری سکیورٹی واپس لے لی ہے: چوہدری سالک حسین

ڈیوائسز کو پہلی مرتبہ استعمال کرنے سے پہلے گھر یا کاروباری مرکز کے اندرونی حصوں کا نقشہ تیار کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے ڈرون کو مختلف کمروں میں لے جاکر جگہوں سے آگاہ کیا جاسکتا ہے، جبکہ روبوٹ خود مختلف حصوں کا جائزہ لے کر نقشہ تیار کرسکتا ہے۔

اس کے بعد اے آئی اہم مقامات، مثلاً دروازوں، کھڑکیوں اور دیگر حساس جگہوں کی نشاندہی کرکے نگرانی کے لیے راستے تجویز کرتی ہے۔ یہ آلات اپنے راستے میں آنے والے فرنیچر اور دوسری رکاوٹوں سے بچتے ہوئے خودکار طریقے سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

رِنگ ڈرون کیم کو خاص طور پر گھروں کی اندرونی نگرانی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ اپنے چارجنگ اسٹیشن پر موجود رہتا ہے اور صارف کی درخواست پر یا سیکیورٹی الارم بجنے کی صورت میں پرواز کرکے متعلقہ کمرے کا جائزہ لے سکتا ہے۔


صارف اپنی ضرورت کے مطابق اس کے پرواز کے راستے اور اوقات بھی مقرر کرسکتے ہیں۔ اس میں 2K ویڈیو ریکارڈنگ، 148 ڈگری تک دیکھنے کی صلاحیت اور 360 ڈگری گھومنے والا کیمرا دیا گیا ہے۔ کم روشنی میں بہتر ریکارڈنگ کے لیے اس میں ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب ہیں۔

کمپنی کے مطابق جب ڈرون اپنے چارجنگ اسٹیشن میں موجود ہوگا تو اس کا کیمرا بند رہے گا اور ریکارڈنگ صرف پرواز کے دوران شروع ہوگی۔

دوسری ڈیوائس ”رنگ روور کیم“ ہے، جسے گھروں کے بجائے کاروباری مراکز، دفاتر اور دیگر تجارتی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ پہیوں کی مدد سے مختلف حصوں میں خودکار گشت کرسکتا ہے اور مقررہ اوقات میں نگرانی کے لیے بھیجا جاسکتا ہے۔ اگر کسی منسلک کیمرے یا سینسر سے غیر معمولی سرگرمی کا الرٹ ملے تو یہ خود اس مقام پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لے سکتا ہے۔

اس میں 4K تک ویڈیو ریکارڈنگ، 360 ڈگری اسکین کرنے کی صلاحیت اور ایک ایسا کیمرا نصب ہے جس کی اونچائی ضرورت کے مطابق تبدیل کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ سائرن، وارننگ لائٹس اور دو طرفہ آڈیو کا فیچر بھی دیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارف دور بیٹھ کر بھی وہاں موجود افراد سے بات کرسکتے ہیں۔

پرائیویسی اور قیمت سے متعلق تفصیلات

گھر کے اندر اڑنے والے کیمرے اور خودکار نگرانی کرنے والے روبوٹس کی آمد کے ساتھ صارفین کی نجی زندگی کے تحفظ سے متعلق سوالات بھی اہم ہوگئے ہیں۔

رنگ کا کہنا ہے کہ دونوں ڈیوائسز کی ریکارڈنگ کو اس کے نئے انکرپشن نظام کے تحت محفوظ کیا جائے گا۔ کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ صارفین کو واضح اشاروں کے ذریعے معلوم ہوسکے گا کہ ڈیوائس کب ریکارڈنگ کر رہی ہے۔ تاہم گھر اور کاروباری مقامات کے اندر مسلسل حرکت کرنے والے کیمروں کے استعمال سے متعلق پرائیویسی کے خدشات اپنی جگہ موجود ہیں۔

قیمت اور دستیابی کے حوالے سے رنگ روور کیم امریکا میں 16 دسمبر 2026 سے ایک ہزار ڈالر میں صارفین کو فراہم کیا جائے گا، جبکہ رنگ ڈرون کیم کی فروخت 27 جنوری 2027 سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی قیمت ڈھائی سو ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

تاہم ڈرون کی فروخت کے لیے امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (ایف سی سی) کی ضروری منظوری ابھی باقی ہے۔ دونوں ڈیوائسز رنگ کی موجودہ سیکیورٹی مصنوعات اور موبائل ایپ کے ساتھ بھی کام کرسکیں گی۔