(Florida)عام طور پر کاروباری ادارے اپنی پیداواری صلاحیت اور آمدنی میں اضافے کے لیے ملازمین سے زیادہ وقت کام لینے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک سوشل میڈیا کمپنی نے اس تصور کے برعکس ہفتے میں 4 روز کام اور 3 روز چھٹیوں کا نظام اپنا کر نہ صرف ملازمین کو بہتر سہولت فراہم کی بلکہ اپنی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔
امریکی شہر ٹیمپا میں قائم سوشل میڈیا ایجنسی برک میڈیا کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جیک کرٹز نے 2022 کے اواخر میں ملازمین کی زندگی اور کام کے درمیان توازن بہتر بنانے کے لیے ہفتے میں 4 روز کام کا تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کے ذہن میں یہ خیال اس وقت آیا جب انہوں نے یورپی کمپنیوں کی جانب سے 4 روزہ ورک ویک کے تجربات کے بارے میں دیکھا اور پڑھا۔
جیک کرٹز کے مطابق وہ پہلے ہی ہفتے کے ابتدائی دنوں میں زیادہ کام مکمل کرنے کی کوشش کرتے تھے، جس کے باعث جمعے کا دن نسبتاً پُرسکون گزرتا تھا اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی اس کا کوئی منفی اثر نہیں پڑتا تھا۔
اسی تجربے کی بنیاد پر انہوں نے ملازمین کو ہفتے میں ایک اضافی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا تاکہ ملازمت سے وابستگی اور ملازمین کو برقرار رکھنے کی شرح بہتر بنائی جاسکے۔
العمل 4 أيام أسبوعيا دون خفض الرواتب يتزامن مع نمو إيرادات شركة “Brick Media” الأمريكية 160% خلال 3 أعوام، وتراجع استقالات موظفيها، في تجربة تراهن على التوازن بين الحياة والعمل لتعزيز الإنتاجية وجذب العملاء، وفقا لمجلة “فورتشن” pic.twitter.com/lPEFnYy9TN
— صحيفة الاقتصادية (@aleqtisadiah) November 9, 2026
کمپنی نے جنوری 2023 میں اس منصوبے کا 90 روزہ آزمائشی آغاز کیا، جس کے تحت ملازمین کو ہفتے اور اتوار کے علاوہ جمعے کو بھی چھٹی دی گئی، جبکہ ان کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔
آزمائشی منصوبے کے نتائج حوصلہ افزا رہے اور اپریل 2023 میں اسے مستقل پالیسی کا حصہ بنا دیا گیا۔
مزیدپڑھیں:شاہد آفریدی کی بیٹی کے ساتھ دبئی میں یادگار چھٹیاں، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
اس نظام کے تحت ملازمین پیر سے جمعرات تک روزانہ 9 گھنٹے کام کرتے ہیں، یوں ان کا ہفتہ وار مجموعی دورانیہ 36 گھنٹے بنتا ہے، جو روایتی 40 گھنٹے کے ورک ویک سے بھی کم ہے، ملازمین کو ہر ہفتے 4 میں سے 3 دن گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے، جبکہ ایک دن دفتر میں حاضری ضروری ہوتی ہے۔
برک میڈیا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 4 روزہ ورک ویک اپنانے کے بعد گزشتہ 3 برس کے دوران کمپنی کی مجموعی آمدنی میں 160 فیصد اضافہ ہوا، اس میں 2023 کے دوران 73 فیصد، 2024 میں 39 فیصد اور 2025 میں 8 فیصد اضافہ شامل ہے۔
جیک کرٹز کا خیال ہے کہ کمپنی کی ترقی اور آمدنی میں اضافے کی ایک اہم وجہ ملازمین کو ہفتے میں تین چھٹیاں دینے کا فیصلہ ہے، اس پالیسی کے نتیجے میں ملازمین کی جانب سے ملازمت چھوڑنے کی شرح میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔
کمپنی کے مطابق 2022 میں 6 ملازمین نے ملازمت چھوڑی تھی، تاہم یہ تعداد 2023 اور 2024 میں دو، دو جبکہ 2025 میں 3 رہی، 2026 کے دوران اب تک کسی ملازم نے کمپنی نہیں چھوڑی۔
کمپنی میں ملازمین کی تعداد بھی 2022 کے اواخر میں 15 سے بڑھ کر اب 25 ہوگئی ہے، جیک کرٹز کے مطابق ادارے میں کام کے بوجھ کو ملازمین پر غیر ضروری طور پر بڑھانے سے گریز کیا جاتا ہے اور کام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر مزید افراد بھرتی کیے جاتے ہیں۔
اگرچہ جمعے یا ہفتے اور اتوار کو کبھی کبھار ملازمین کو کچھ کام کرنا پڑتا ہے، تاہم یہ کام عموماً چند منٹوں تک محدود ہوتا ہے اور اس کا اضافی معاوضہ بھی دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب امریکی شہر ٹیمپا کی اس کمپنی نے ایک بار پھر 4 روزہ ورک ویک کے فوائد کو جانچنے کے لیے جنوری سے مارچ تک ایک نئے آزمائشی شیڈول کا اعلان بھی کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس دوران ملازمین پیر سے جمعرات تک کام کریں گے اور ہر جمعے کو چھٹی ہوگی، اگر اس تجربے کے دوران کلائنٹس کا اطمینان، آمدنی اور ملازمین کی مجموعی کیفیت تسلی بخش رہی تو اس نظام کو مستقل رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔








