برمنگھم(ممتاز نیوز)برمنگھم چیمبر آف کامرس کے ارکان نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کےلئے بہترین مقام ہے ، حکومت پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جن سہولتوں کی تشکیل کی ہے وہ ان سے مستفید ہونا چاہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار برمنگھم چیمبر کے عہدیدران اور سینئر ارکان نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب رفیق اور سیکرٹری جنرل عرفان منان خان کی زیر قیادت برمنگھم چیمبر کے سینئر رکن ناصر اعوان کی طرف سے انڈسٹری چیمبر کے 75رکنی وفد کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ کے دوران کیا ۔ برمنگھم چیمبر کے ارکان نے انڈسٹری چیمبر کے وفد کے دورہ برمنگھم کو سراہتے ہوئے پاکستانی مصنوعات میںگہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر ثاقب رفیق اور سیکرٹری جنرل عرفان منان نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کےلئے دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مشرکہ سرمایہ کاری پر بھی دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں نے تبادلہ خیال کیا۔ برطانوی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برمنگھم چیمبر کے تحت برطانوی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر کے اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا بھرپور جائزہ لے گا۔ اس موقع پر قائداعظم ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین برمنگھم کی ممتاز کاروباری شخصیت راجہ اشتیاق نے اپنے خطاب میں انڈسٹری چیمبر کے وفد کے دورہ برمنگھم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے دل اپنے ہم وطنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم سیاسی ،تجارتی اورر سفارتی سطح پر پاکستان کی مضبوطی کےلئے کوشاں ہیں ، برمنگھم سمیت پورے برطانیہ میں نمایاں پاکستانی کاروباری شخصیات برطانیہ سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو پاکستان لے جانے کےلئے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں گے ۔راجہ اشتیاق نے راولپنڈی چیمبر کے ارکان کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر سرمایہ کاروں کو اپنی تیار کردہ مصنوعات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ پاکستانی تجارتی وفد نے اپنے دورہ برمنگھم کے دوران مختلف کاروباری اور تجارتی مراکز کا دورہ بھی کیا جبکہ برمنگھم سے لارڈ میئر نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔











