بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گھڑیاں قانون کے مطابق بیچیں‘، زلفی بخاری کی آڈیو لیک کی تصدیق

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کی ایک آڈیو سوشل میڈیا پر گردش میں ہے جس میں گھڑیاں بیچنے کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے۔
جمعرات کو سامنے آنے والے اس 20 سیکنڈ کے مختصر آڈیو کلپ میں مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کی آواز کہتی ہے کہ ’خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں، آپ اُن کو کہیں بیچ وغیر دیں۔‘
پہلی آواز مزید کہتی ہے کہ ’کیونکہ وہ ان کے استعمال کی نہیں ہیں، تو وہ چاہ رہے تھے کہ آپ کہیں کر دیں۔‘
دوسری طرف موجود آواز جو مبینہ طور پر زلفی بخاری کی ہے وہ کہتے ہیں کہ ’ضرور مرشد، میں کر دوں گا، میں کر دوں گا۔‘
تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے گھڑیاں بیچنے کی آڈیو لیک کے حوالے سے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’قانون کی بات کریں تو ہر کام قانون کے مطابق ہوا ہے، جس قیمت پر توشہ خانہ سے تحفے خریدے گئے وہ 20 فیصد رقم تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جس قیمت پر خریدنا ہو وہ بتانا اور آگے بیچ دینا اس میں کوئی غلط نہیں۔
’یہ تو کوئی ایشو ہی نہ بنتا اگر عمران خان کا نام نہ ہوتا، چونکہ عمران خان کے حوالے سے چار سال میں کوئی چیز ملی نہیں تو اس کو ایشو بنایا جا رہا ہے۔‘
اس آڈیو کلپ کو سوشل میڈیا پر سینکڑوں صارفین نے شیئر کیا ہے اور اب اس پر دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف کی قیمتیں اور خریداری کے ذرائع ظاہر نہ کرنے پر الیکشن کمیشن میں ریفرنس بھی دائر کیا گیا تھا۔
ریفرنس پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا۔