لاہور(ممتازنیوز) پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر میں وکلاء نے ججزکی طرف سے غیر اخلاقی رویے اور توہین عدالت قانون کے بلاجواز استعمال کےساتھ ساتھ دوران ہڑتال دائری کی غیر قانونی بندش کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔پنجاب بار کونسل کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق کل(ہفتہ کو) صبح ساڑھے دس بجے کے بعد اور پیر کو پنجاب بھر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی ۔ اس موقع پر وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ،علاوہ ازیں 12 دسمبر بروز پیر کو جاوید اقبال ایڈیٹوریم لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلاء کا نمائندہ کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا ۔
دریں اثناء پنجاب بار کونسل کی جانب سے ہڑتال کی کال اور ممکنہ ہنگامہ آرائی کے پیش نظر عدالتوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس کی بھاری نفری لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس کے دستے لاہور ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹس پر بھی تعینات کیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے وکیل کو 3 ماہ قید کی سزا سنائے جانے پر پنجاب بار کونسل نے پنجاب کی تمام عدالتوں میں بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
ججر کے رویے کے خلاف وکلاء کاہڑتال کا اعلان،سکیورٹی سخت








