بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گورنر خیبرپختونخوا سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مہمت پچاجی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ میں ترکی کے اعزازی قونصل جنرل سلیم سیف اللہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں ممالک بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام کے درمیان دو طرفہ تعلقات و تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاکہ ترکی ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، پاک ترک عوام ایک دوسرے کے ساتھ محبت دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔حالیہ سیلاب میں ترکش حکومت و عوام کیجانب سے پاکستانی عوام کی امداد پر شکر گزار ہیں۔ گورنرنے اس موقع پر ترکیہ کے سفیر کو تجویز پیش کی کہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے نامور بزنس وفود کا سال میں ایک دو دفعہ ترکی کا دورہ ہونا چاہئے تاکہ یہاں کی بزنس کمیونٹی ترکی کی کاروباری صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہاکہ وہ خود تجارتی وفد کے ساتھ ترکی کا دورہ کر چکے ہیں اور ترکی میں انڈسٹری کی ترقی کیلئے صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ گورنرنے کہاکہ پاک ترک سکول کی طرح ترکی پشاور میں پاک ترک میڈیکل کالج اور انجینئرنگ کالج و یونیورسٹی بھی قائم کرے تاکہ طرفین کے عوام کے درمیان محبت میں اضافہ ہو۔صوبائی حکومت اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور میں کچھ ہسپتالوں کی پرائیویٹائزیشن کر رہی ہے، ترکیہ حکومت ایک ہسپتال لے کرپاک ترک ہسپتال کے نام پر اآغاز کرکے عوام کو طبی خدمات فراہم کرے۔ترک سفیر نے تجارتی، تعلیمی شعبوں میں تعاون پر گورنر کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اورکہا کہ تجارتی و تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان عوامی محبت اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔علاوہ ازیں گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی سے چیئرمین خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کیپٹن(ر) سکندر قیوم، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا مرتضی خان اور صوبائی محتسب برائے تحفظ ہراساں خواتین رخشندہ نازنے گورنرہاؤس پشاورمیں الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقات میں تینوں اداروں کے سربراہوں نے گورنرحاجی غلام علی کو اپنے اپنے متعلقہ اداروں کے فرائض ومجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا۔