بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک انصاف کی مثال ڈالر جیسی، کوئی چھوڑ کر نہیں جا رہا: شوکت یوسفزئی

پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور شوکت یوسفزئی نے پی ٹی آئی کے کچھ اراکین کی پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’صوبے میں تحریک انصاف کی مثال ڈالر جیسی ہے، پارٹی چھوڑ کر کوئی ممبر نہیں جانے والا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کے بعد یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ خیبرپختونخوا کے کچھ ارکان نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
عرب نیوزویب سائٹ ’’اردو نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ یہ سب افواہیں اپوزیشن پھیلا رہی ہے۔
انہوں نے اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو فیصلے کا اختیار دے چکے ہیں۔ وہ جو فیصلہ کریں گے ہم من و عن عمل کریں گے۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق اس وقت یہ فیصلہ کرنا سیاسی طور پر ہمارے لیے نقصان دہ ہے۔ صوبے میں ہماری اکثریت ہے اور بہت سے منصوبوں پر کام ہورہا ہے مگر جہاں ملک کی بات آجائے تو سیاست نہیں دیکھی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی مفاد اسی میں ہے کہ فوری انتخابات کروائے جائیں، معاشی صورتحال دیکھ لیں مہنگائی کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے۔
ایک طرف پی ٹی آئی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کر چکی ہے تو دوسری طرف دونوں صوبوں میں ترقیاتی فندز کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ ’اگر ہم حکومت سے چلے بھی گئے تو ترقیاتی کام ہوتے رہیں گے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔