بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے، صدر مملکت

اسلام آباد۔ (نیوز ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےاقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کردار ادا کریں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق صدر مملکت نے آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا 10 دسمبر 1948کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے جاری کیا گیا، انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ ایک تاریخی دستاویز ہے جو ان حقوق کی توثیق کرتا ہے جن کا نسل، رنگ، مذہب، جنس، زبان، سیاسی یا دیگر نظریات، قومی یا سماجی نسبت، جائیداد، پیدائش یا کسی اور مقام سے قطع نظر ہر انسان حقدار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو بھارت کے مظالم اور ناانصافیوں کا شکار ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ میں ایک بار پھر اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں تاکہ کشمیری بھی انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنے تمام حقوق سے لطف اندوز ہو سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین انسانی حقوق کے عالمگیر اعلامیہ میں درج اقدار کی عکاسی کرتا ہے، ہم بحیثیت قوم برابر اور آزاد، یکساں حقوق اور ایک ہی وقار کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ ہم سب کو اپنے اور دوسروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے قابل بناتا ہے، ہم انفرادی طور پر، اپنے گھروں، سکولوں اور کام کی جگہوں پر ان حقوق کو برقرار رکھ سکتے ہیں جو ہم سب کی حفاظت کرتے ہیں۔\