کراچی (ممتاز نیوز ) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہاکہ حریم ادب معاشرے میں اصلاحی ادب کے فروغ میں سرگرم عمل ہے، موجودہ دور میں اردو ادب کی اصناف کو نظرانداز کیا جارہا ہے،ادبی اصناف نثرشعرو شاعری، غزل گوئی میں دلچسپی رکھنے والے افراد کم ہوتے جا رہے ہیں جو کہ ایک المیہ ہے،ایسے حالات میں حریم ادب اردو ادب کے فروغ کے لئے روشن چراغ ہے،وہ منگل کو انٹرنیشنل بک فیئر کراچی میں حریم ادب کے لکھاریوں کی نئی کتب کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہی تھیں ۔ علم دوستی اور کتاب سے محبت کے جذبات کو پروان چڑھانے اور جلا بخشنے کے لئے کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی کتب میلے میں ادبی و اصلاحی تنظیم حریم ادب کے سٹال کا اہتمام کیا گیا، کتب میلے کی پانچوں دن حریم ادب کا سٹال طالبات،بچوں، خواتین، اساتذہ کی توجہ کا مرکز بنا رہا ،سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے حریم ادب کے سٹال کا دورہ کیا اور کتب کی رونمائی کی، عالیہ شمیم صدر حریم ادب کی زیر نگرانی سینئر ممبر حریم ادب،اعزازی سیکریٹری و معروف مصنفہ عقیلہ اظہر کا افسانوی مجموعہ عکس ذات، معروف مصنفہ اورسیکرٹری اطلاعات و نشریات حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکسان فریحہ مبارک کی کتاب داستان آزادی اور معروف مصنفہ فرحت نعیمہ کی کتاب “تتلیاں” کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا تھا، اس موقع پر صدر اصلاحی و ادبی انجمن حریمِ ادب خواتین عالیہ شمیم نے دردانہ صدیقی ،ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب اور دیگر مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے آمد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔










