بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہم نے نظام کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا ،25 لاکھ خواتین ووٹرزکااندراج ہمارا ہدف ہے،دردانہ صدیقی

 راولپنڈی(ممتازنیوز) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نےکہاہے کہ ہم نے جس نظام کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا ہے یہ نظام باصلاحیت افراد کاتقاضا کرتا ہے جو اسلام کی قوت کا ذریعہ بنیں، ہمیں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حکمت انقلاب کو مشعل راہ بنا تے ہوئے معاشرے میں جوہر قابل کی پہچان کرکے انہیں جماعت اسلامی کاحصہ بنانا ہے، 25 لاکھ خواتین ووٹرز سازی ہمارا ہدف ہے۔
وہ شعبہ تعلقات عامہ کی مرکزی نشست سے خطاب کررہی تھیں۔ دردانہ صدیقی نے کہاکہ اللہ تعالی نے ہمیں نبوی مشن کا پاسباں بنایا ہے تاکہ اللہ کے دین کواللہ کے بندوں تک پہنچایاجائے اوراسے تمام شعبوں پرنافذ کیاجائے، اس مقصد کیلئے شعبہ تعلقات عامہ کا فورم بہت اہم ہے،اس فورم کو متحرک اورفعال بنانےکیلئےمعاشرے میں بااثردائرہ رکھنےوالی خواتین کی فہرست سازی کی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان آمنہ عثمان نے کہا کہ دعوت دین کا کام کرنے کیلئے وسیع القلبی اور وسیع النظری بہت ضروری ہے، جماعت اسلامی کی سعی و جہد کا مقصدصرف توسیع دعوت کا کام نہیں ہے بلکہ معاشرے کی اصلاح مقصود ہے۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ویمن ونگ جماعت اسلامی پاکستان عائشہ سید نے دعوت الی اللہ کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے راستے کی طرف بلانے والا نرم خو ہوتا ہے، اس کا دل انسانیت کیلئے کڑھتا ہے وہ معاملات میں مشاورت کرنے والا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا اپنی دعوت کو نتیجہ خیز بنانے کیلئےاجتماعیت میں ہرفردکو اپنے ساتھ جوڑے رکھنا بہت ضروری ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل پبلک ریلیشنز ویمن ونگ نائلہ سید اورعظمی نوید نے تمام صوبہ جات کی رپورٹس پر سیرحاصل تبصرہ کیا۔