اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران تین کمانڈوز اور 4 یرغمالی شہید ہوئے۔
ایک ٹویٹ میں خواجہ آصف نے لکھا کہ بنوں میں اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے زخمیوں میں ایک اور جوان نے شہادت کا زوال رتبہ حاصل کیا ہے۔
وزیر دفاع کے مطابق بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں ایس ایس جی کی 3 اور یرغمالی کی 4 شہادتیں ہوئیں جب کہ 11 زخمیوں میں دو افسران بھی شامل ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران 19 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 12 دہشت گردوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بنوں کنٹونمنٹ گیٹ کے سامنے واقع سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں یرغمالیوں کو بچانے کے لئے سکیورٹی فورسز نے آپریشن مکمل کیا۔
دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے متعدد افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا جب کہ پاک فوج نے دو دن میں متعدد دہشتگردوں کو ہلاک اور گرفتار کرکے آپریشن مکمل کیا۔
بعد ازاں بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر حملے کے واقعے کے بعد کینٹ کی جانب سے تمام راستوں کو کھول دیا گیا ہے۔
میرانشاہ روڈ پر معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں ہیں جب کہ موبائل سروس تھوڑی دیر میں بحال ہونے کا امکان ہے۔
بنوں میںSSG کے زخمیوں میں ایک اورجوان نےآج شہادت کا لا زوال رتبہ حاصل کیا.
اس آپریشن میں SSG کی 3شہادتیں یرغمالی4 شہید، زخمی11جنمیں 2آفیسر شامل ھیں.دھشت گرد 19مارے گئے 12کو تحویل میں لیا گیا.
اللہ ھماری افواج اورسیکورٹی کے اداروں کا حامی وناصر ھو. قوم انکی تاابد احسانمند ھے— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) December 22, 2022









