ملتان(ممتازنیوز) ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن نے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے ریڈیو پاکستان کے آرٹسٹوں کے معاوضوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا جس کا اطلاق یکم جنوری 2023 سے ہو گا۔
قائم مقام اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان ملتان آصفہ منیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریڈیو پاکستان ملتان میں نئے سال کے لیے سامعین کی دلچسپی کے نئے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جن میں سرائیکی زبان میں ،تفسیرالقران،صحت کی باتیں، چلتا پھرتا مائیکروفون’’ڈرامے ‘‘ فیچر اور دستاویزی پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل نے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ویڈیو پوڈ کاسٹ بھی شروع کی ہے جس کے تحت نامور شخصیات کے انٹرویوز اور پروگرام پروڈیوس کر کے اپ لوڈ کیے جا رہے ہیں۔
اسٹیشن ڈائریکٹر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان میں شروع کیے گئے دو سو نشستوں کے آڈیٹوریم کا سٹرکچر ورک مکمل کر لیا گیا ہے، یہ منصوبہ جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان کی چار منزلہ عمارت میں لفٹ کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے،عمارت میں بنائے گئے اکادمی ادبیات،پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اورپنشنرز کی ایڈمن اور اکاؤنٹس میں رسائی آسان ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اب معاوضوں میں بہتری کے ساتھ پڑھے لکھے لوگ اس ادارے کے ذریعے سامعین تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان کی سرائیکی ادب ،شاعری اور موسیقی کی ترویج میں مثالی کردار ریا ہے، ان اصناف کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرٹسٹوں کو ادائیگی اب بہتر بنا دی گئی ہے اور وہ اپنے معاوضہ جات اپنے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کر رہے ہیں۔










