بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کے مرچنٹ نیوی کے افسران ٹیکسیاں چلانے پر مجبور

سنگاپور کی معروف شپنگ کمپنی جی آر جی گروپ کے پاکستانی نژاد سنگاپوری شہری عبد الطیف صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیم یافتہ مرچنٹ نیوی کے افسران جہاز اور ملازمتیں نہ ہونے کے سبب ٹیکسیاں چلانے پر مجبور ہیں۔

لطیف صدیقی نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پچاس مرچنٹ نیوی جہاز پاکستانی پرچم تلے چلانے کا منصوبہ پیش کیا تھا لیکن کسی نے نہ سنی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی شپنگ کمپنی کے پاس 8 سے 10 بحری جہاز ہیں جبکہ وہ 14 جہازوں کے ذریعے سمندری تجارت میں حصہ لے رہے ہیں۔

لطیف صدیقی نے کہا کہ پاکستان اس وقت 5 ارب ڈالر سے زائد قیمتی زرمبادلہ غیرملکی جہازوں کو فریٹ کی مد میں ادا کر رہا ہے اگر یہ تمام کارگو پاکستانی جہازوں کے ذریعے پاکستان آئے تو قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی اور پاکستانی افسران اور ہنر مندوں کو پاکستانی جہازوں پر ملازمتیں حاصل ہوں گی۔

لطیف صدیقی نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جبکہ 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو ممکن بنانے کے لیے بھی کوئی اقدامات نہیں کیے۔

لطیف صدیقی کے مطابق ان کی حال ہی میں ایک تقریب میں وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری سے بھی ملاقات ہوئی جنہوں نے انتہائی مثبت پیغام دیا ہے لہٰذا وہ ایک دفعہ پھر شہباز شریف کی حکومت میں نہ صرف وزیراعظم سے ملاقات کریں گے بلکہ فیصل سبزواری کو بھی اپنا منصوبہ پیش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر ان کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تعاون کریں گے تاکہ پاکستان کی شپنگ انڈسٹری دیگر ممالک کی طرح ترقی کر سکے۔