بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خواجہ آصف کے خواتین سے متعلق ریمارکس پارلیمانی کارروائی کا حصہ ہیں، عثمان ڈار

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کے خواتین سے متعلق ریمارکس پارلیمانی کارروائی کا حصہ ہیں۔
اپنے بیان میں عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف کا سوشل میڈیا پر پسپائی کا اعتراف ہمارے کارکنان کی فتح ہے، عمران خان نے پی ڈی ایم قیادت کو عوام میں جانے پر مجبور کردیا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف بھی تیاری کرلیں اس بار نوجوان شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جس کو فون کال کرنی ہے پہلے کرلیں، الیکشن کی رات منتیں ترلے نہیں کرنے دیں گے۔
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کی طاقت سے خوفزدہ لیڈر اب اسی کا سہارا لینا چاہتے ہیں۔
دریں اثنانجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت کو الیکشن کی طرف جانا ہوگا یہ مزید بھاگ نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت الیکشن کی طرف جارہا ہے موجودہ حکومت کو الیکشن کی طرف جانا ہوگا یہ الیکشن سے مزید بھاگ نہیں سکتے، جب تک عام انتخابات نہیں ہوں گے تب تک معاشی استحکام نہیں آسکتا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے اختیارات کو انہوں نے اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا ہے، 125 اراکین اسپیکر کو استعفیٰ دیں گے اور یہ ان پر انتخابات کروائیں گے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ نیب میں ترامیم کرکے انہوں نے خود کو ریلیف دیا آج ملک بینک کرپٹ ہوچکا ہے سعودی عرب اور چین کے پیسے دینے ہیں، ملک میں معیشت خراب ہے عوام کو ریلیف دینا ہے، نئے انتخابات کروانے ہوں گے، نئی حکومت آکر معاہدے کرے گی اور ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے حکومت قربان کردی غلامی قبول نہیں کی اگر انہیں اقتدار کی ہوس ہوتی تو کیا وہ دو صوبوں کی اسمبلیاں توڑتے، عمران خان جنرل (ر) باجوہ کو کہتے تھے اس طرح کی سازش کو روکا جائے۔