بالی وڈ اداکارہ تنیشا شرما خودکشی کیس سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ تنیشا اور شیزان خان کی چیٹ میں کچھ بھی قابل اعتراض نہیں پایا گیا تاہم پولیس اداکار کی حراست میں توسیع کی درخواست کرے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ پولیس نے تنیشا اور شیزان کی فونز کال کی تفصیلات سے متعلق رپورٹس طلب کی تھیں تاکہ دونوں کے درمیان واٹس ایپ پیغامات کے تبادلوں سے یہ پتا لگایا جاسکے کہ ایسی کیا وجوہات تھیں جس سے اداکارہ کی جانب سے انتہائی قدم اٹھایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کی چیٹ میں کچھ بھی قابل اعتراض نہیں پایا گیا، تحقیقات کا عمل جاری ہے اور اسی لیے پولیس اداکار شیزان کی حراست میں توسیع کی درخواست کرے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور پولیس کی جانب سے تنیشا کی فیملی سے بھی سوالات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 24 دسمبر کو اداکارہ تنیشا شرما نے علی بابا : داستان کابل‘ کے سیٹ پر ہی خودکشی کر لی تھی، بعد ازاں اداکارہ کی والدہ نے تنیشا کے ساتھی اداکار شیزان ایم خان پر شبہ ظاہر کیا جس کے بعد شیزان خان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔









