وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8 واں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کابینہ نے محکمہ زکوۃ وعشر،سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے انضمام کی بھی منظوری دی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے، فیملی پلاننگ کو پنجاب احساس پروگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، 2 بچوں تک خاندان محدود رکھنے والے جوڑے کو گرانٹ ملے گی، ورلڈ بینک فیملی پلاننگ پروگرام کی کامیابی کے لئے 130 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں کابینہ نے پنجاب سوشل پروٹیکشن پالیسی 2022 کی بھی منظوری دی، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن پالیسی کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کے پروگرام ایک ہی اتھارٹی کے تحت ہوں گے، معاشرے کے کمزور افراد کے سماجی تحفظ کے تمام پروگرامز ایک ہی اتھارٹی مانیٹر کرے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں پنجاب کابینہ نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کی رقم ادا نہ کرنے پر وفاقی حکومت کے رویے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پنجاب کابینہ کا وفاقی حکومت سے واجب الادا رقم جلد ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور میں تاجر برداری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے تاجر برداری کے تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جتنا بھی وقت ہے عوام کی خدمت اور مسائل کے حل پر لگائیں گے،
اس کے لیے تیز رفتاری سے کام کررہے ہیں منصوبے مکمل کریں گے، حکومتی اخراجات کم کرکے عوام کی ترقی پر لگا رہی ہے، پی ڈی ایم کی کوئی پرواہ نہیں، صرف صوبے کے عوام کی خدمت پر توجہ ہے۔
پنجاب حکومت نے 2 بچوں تک خاندان محدود رکھنے والے جوڑوں کو اچھی خبر سنادی








