بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امجد صابری کے قتل کی خبر دیکھ کر زمین پر گر گئی تھی: مایا خان

معروف  میزبان مایا خان نے  قوال امجد صابری کے قتل کے روز کا واقعہ سناتے ہوئے اس دن کی اپنی کیفیت بتائی۔

مایا خان نے ماضی کی تلخ یاد کا تذکرہ سوشل میڈیا پوڈ کاسٹ میں کیا جس کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔

دوران انٹرویو مایا نے بتایا کہ ان کی رمضان ٹرانسمیشن کا آغاز ہونے ہی والا تھا کہ کسی نے بتایا امجد صابری کو قتل کر دیا گیا ہے جو کہ کچھ ہی دیر میں ان کے پروگرام میں شرکت کرنے والے تھے اور کئی دنوں سے اس پروگرام کا حصہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب مجھے کنٹرول روم سے بتایا گیا تو وہ آواز میرے مائیک کے ذریعے اسپیکر پر آگئی، میں پیچھے کمرے میں گئی جہاں 5 ٹی وی اسکرینز تھیں، ان سب پر ایک ہی خبر چل رہی تھی کہ امجد صابری کو قتل کردیا گیا، میں وہ دیکھتے ہی زمین پر گرگئی۔

مایا خان نے کہا کہ یہ سب دیکھنے اور سننے کے بعد میری ٹانگوں میں جان ہی نہیں رہی تھی کیونکہ جب پہلے مجھے بتایا گیا کہ ان پر فائرنگ ہوئی ہے تو میں نے یہ ہی کہا کہ ہوئی ہوگی لیکن وہ ٹھیک ہوں گے، انہیں کچھ نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں فوراً ان کے پاس پہنچی تو بھابھی (اہلیہ امجد صابری) انہیں ایک سے دوسرے اسپتال لے کر جارہی تھیں، وہ ایمبولینس میں تھیں، ان کی کوشش تھی کہ کسی طرح امجد بھائی کو بچا لیا جائے۔

انہوں نے اس درد ناک روز کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ امجد صابری کی اہلیہ نے مجھ سے سوال کیا کہ تمہارے بھائی کو تمہارے پاس بھیجا تھا کہاں ہے؟

مایا خان کا کہنا تھا کہ وہ ایک بہت صدمے والا واقعہ تھا، میں امجد بھائی کو دیکھنا چاہتی تھی مگر مجھے بتایا گیا کہ وہ اس حالت میں نہیں ہیں کہ میں انہیں دیکھ سکوں۔

انہوں نے امجد صابری کو یاد کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ ایک نیک شخص تھے، روزے کی حالت میں شہید ہوگئے اللہ ان کے درجات بلند کرے۔

خیال رہے کہ نامور قوال امجد صابری کو 2016 میں ماہِ رمضان کے دوران نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا، وہ ان دنوں مایا خان کی رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ تھے۔