بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی ریپر کانیے ویسٹ نے کم کارڈیشین سے طلاق فائنل ہونے کے بعد نئی شادی کرلی

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک) امریکی ریپر کانیے ویسٹ نے مبینہ طور پر کم کارڈیشین سے طلاق کو حتمی شکل دینے کے صرف دو ماہ بعد دوبارہ شادی کر لی ہے۔ ڈیلی میل کے مطابق موسیقار نے گزشتہ ہفتے ایک نجی تقریب میں اپنے فیشن برانڈ Yeezy کے ساتھ کام کرنے والی آرکیٹیکچرل ڈیزائنر بیانکا سنسوری سے شادی کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 45 سالہ ویسٹ کو سونے کی انگوٹھی پہنے ہوئے دیکھا گیا جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ سنسوری سے ان کی وابستگی کی علامت ہے۔ متعدد تفریحی میڈیا ویب سائٹس نے کانیے کو جب ‘ سنہرے بالوں والی پر اسرار عورت’ کے ساتھ باہر جاتے ہوئے دیکھا تو ریپر کے ڈیٹنگ کی افواہ پھیل گئی تھی۔ ‘ پراسرار عورت’ کے ساتھ ڈیٹنگ کے بارے میں افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب کانیے ویسٹ نے اپنا گانا ‘سنسوری اوورلوڈ’ ریلیز کیا تھا۔

کانیے کی سابق ​​بیوی کم کارڈیشین نے سات سال تک ان سے شادی میں رہنے کے بعد فروری 2021 میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ دونوں کے چار بچے ہیں جو ان کی مشترکہ تحویل میں ہیں۔ شوبز کی خبریں دینے والی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق کانیے ویسٹ بچوں کے خرچے کے مد میں ہر مہینے اپنی سابق اہلیہ کو دو لاکھ ڈالر ادا کرنے کے پابند ہیں۔