لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تصویر کی حقیقت سامنے آگئی ہے، وائرل ہونیوالی تصویر میں قمر جاوید باجوہ کیساتھ محسن نقوی نہیں بلکہ کراچی سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر جمیل ہیں۔
سینئر صحافی منصور علی خان نے اپنے ولاگ میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہورہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ دیکھیں باجوہ کی محسن نقوی کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے اور بہت سے لوگوں نے اس پہ کمنٹری کی اور کہا جا رہا ہے کہ محسن نقوی جنرل باجوہ کے بندے ہیں، انہوں نے ہی لگوایا ہے لیکن اس کی اصل کہانی کچھ اور ہے ۔ یہ تصویر کے اندر جو صاحب ، باجوہ صاحب سے بات چیت کر رہے ہیں یہ محسن نقوی نہیں ہیں ، یہ بیرسٹر جمیل ہیں جو شاہدہ جمیل صاحبہ کے صاحبزادے ہیں ، کراچی سے ان کا تعلق ہے اور جس جہاز میں یہ ملاقات ہوئی اور اسی دوران کسی نے تصویر لے لی ، یہ قمر جاوید باجوہ کی بیرون ملک سے واپسی کی پرواز تھی جب وہ متحدہ عرب امارات سے پاکستان آرہے تھے، اسی دوران ان کی ہیلو ہائے ہوگئی اور دونوں مل بیٹھے۔
منصور علی خان نے مزید بتایا کہ جس پرواز میں قمر جاوید باجوہ کی پاکستان واپسی ہوئی، اسی پرواز میں تحریک انصاف کا ایک بہت بڑا نام بھی تھا، ان سے بھی پوچھ سکتے ہیں کہ اس پرواز میں محسن نقوی تھے یا نہیں اور اگر پھر بھی کسی کو اعتراض ہو ا تو ہم پی ٹی آئی کے ان صاحب کا نام بھی بتا دیں گے ۔
صحافی کا مزید کہنا تھاکہ سابق آرمی چیف اور محسن نقوی کی آخری ملاقات سالوں پہلے ہوئی تھی اور موجودہ صورتحال میں قمر جاوید باجوہ کا کوئی کردار نہیں ۔









