بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چکوال کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات کریں گے ، کمشنر راولپنڈی کی چکوال چیمبر کے وفد کو یقین دہانی

راولپنڈی(ممتازنیوز) چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک 8رکنی وفد نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ سے ملاقات کی اور چکوال کی تاجر برادری و شہریوں کو درپیش اہم مسائل سے ان کو آگاہ کیا۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور تفصیل کے ساتھ ان کے مسائل کو سنا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کمرشل نقشوں کی جلد منظوری کو ممکن بنانے کے بارے میں چکوال کی ضلعی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کریں گے تا کہ ضلع چکوال میں تعمیراتی سرگرمیا ں جلددوبارہ شروع ہو سکیں اور تعمیراتی شعبے کے کاروبار کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وقت نکال کر ضلع چکوال کا دورہ کریں گے اور چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بھی آئیں گے تا کہ تاجر برادری سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بحیثیت ڈپٹی گجرات، سرگودھا اور فیصل آباد میں جمخانہ کلب قائم کئے تھے اور ان کی کوشش ہو گی کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ضلع چکوال میں بھی ایک جمخانہ کلب قائم کیا جائے۔انہوں نے نیلہ دولہ انٹرچینچ پر صنعتی زون کے قیام کے بارے میں بھی وفد کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چکوال شہر میں پارکنگ کی عدم دستیابی سب سے بڑا مسئلہ ہے جس سے شہر میں میں ٹریفک کے مسائل سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور اندرون بازار کی سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی رہتی ہیں جس سے تاجر برادری اور گاہکوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چکوال میں پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے تو شہر کی پارکنگ کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو سکتا ہے جبکہ حکومت کو بھی کروڑوں روپے کی آمدن حاصل ہو گی۔ انہوں نے چکوال میں ایک جمخانہ کلب قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
گروپ لیڈر قاضی محمد اکبر نے ضلع چکوال کی تاجر برادری اور شہریوں کو درپیش مختلف مسائل سے کمشنر راولپنڈی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ضلع چکوال میں کمرشل نقشوں کی منظوری نہیں ہو رہی جس سے تمام تعمیراتی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں بلکہ بلدیہ چکوال بھی کروڑوں روپے کی آمدن سے محروم ہو رہی ہے۔ لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے فوری حل پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے نیلہ دولہ انٹرچینج پر صنعتی زون کے قیام کی اہمیت کے بارے میں بھی کمشنر راولپنڈی کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2016میں اس وقت کی حکومت اور وزیراعظم نے اس مقام پر ایک صنعتی زون کے قیام کا حکم جاری کیا تھا جبکہ پنجاب حکومت نے بھی اس منصوبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی لیکن گئی سال گزرنے کے باوجود یہ اہم منصوبہ ابھی تک التوا کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے اس صنعتی زون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے جبکہ اس کے قیام سے علاقے میں سرمایہ کاری بڑھے گی، روزگار پیدا ہو گا اور پسماندگی دور ہو گی۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں صنعتی زونز میں زمین بہت مہنگی ہے جبکہ نیلہ دولہ انٹرچینچ پر صنعتی زون سرمایہ کاروں کیلئے بہت مفید ثابت ہو گا۔لہذا اس منصوبے کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون کرے۔ خواجہ عارف یوسف، خرم کامران، حاجی محمد اسحاق، شیخ ہارون، احمد فاروقی اور چوہدری شہزاد سعادت سمیت دیگر وفد میں شامل تھے۔