لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری موخر کردی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،دیکھنے کی ضرورت ہے کہ کن لوگوں کو اقتدار دیا جا رہا ہے،ایک سازش کے تحت اقتدار پر قبضہ کرایا گیا۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دن مخالفین کو غنڈہ گردی سے بھگا دینا الیکشن نہیں ہے، حمزہ شہباز کے پاس ووٹ پورے تھے تو الیکشن متنازعہ بنانے کا کیا مقصد تھا۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پولیس نے جس طرح اراکین اسمبلی پر دھاوا بولا اس کی مثال نہیں ملتی، ڈپٹی اسپیکر کل ہونے والے الیکشن میں غیر جانب دار نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مطمئن نہ ہو جاؤں کہ گزشتہ روز ہونے والا الیکشن آئین اور قانون کے مطابق ہے اس وقت تک نئے وزیر اعلیٰ سے ان کے عہدے کا حلف نہیں لوں گا۔عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وہ کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کر سکتے۔ ۔انہوں نے کہاکہ مجھے عہدے سے ہٹائے جانے کا اخیتار وزیراعظم کو حاصل نہیں،اختیار صدرمملکت کا ہے اور جب تک صدر مجھے نہیں ہٹاتے میں گورنرہوں۔








