اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )شہباز شریف کی نئی کابینہ کے اعلان کے بعد سیاسی حریفوں کی طرف سے اتحادی حکومت اور وزراء کے چناؤ پر تنقید کی جارہی ہے،سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کو پیپلزپارٹی کی خاتون وزیر پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا۔فواد چودھری گزشتہ ٹوئٹر پر غیر ملکی چینل کے ایک شو کا کلپ شیئر کیا اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کو ’لو آئی کیو ویمن‘ قرار دیا۔ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’’جب آپ کم ذہانت والی خاتون کو وزیر خارجہ مقرر کرتے ہیں اور جن کی شہرت صرف ان کے مہنگے ’برکن برانڈ‘ کے ہینڈ بیگز آئی گلاسز ہوں تو ان سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔‘‘فواد چودھری نے ٹوئٹ میں ’امپورٹڈ حکومت نا منظور‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی ان سے چھٹکارا بھی مل جائے گا۔وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر پر ’صنفی طنز‘ کرنے پر سابق فواد چودھری کو تنقید کا سامنا ہے جب کہ لوگ ان سے پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔زیادہ تر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ تحریک انصاف کے سپورٹر اور ووٹر ہیں لیکن وہ فواد چودھری کی اس بات سے بہت ناراض اور افسردہ ہوئے ہیں کہ انہوں نے ایک ذہین خاتون کو صنفی تنقید کا نشانہ بنایا۔متعدد پی ٹی آئی ووٹرز اور سپورٹرز نے فواد چودھری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی زبان ناقابل قبول ہے، حنا ربانی کھر پاکستان کے چند بہترین وزارئے خارجہ میں سے ایک ہیں۔
فواد چودھری کو پیپلزپارٹی کی خاتون وزیر پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا








