اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیردفاع خواجہ آصف نے پارٹی صدر شہبازشریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی فوری وطن واپسی کا مطالبہ کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ نوازشریف اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں واپس آجائیں گے، ان کی واپسی کا شیڈول پہلے ستمبر کے دوسرے ہفتے کا تھا لیکن الیکشن کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا اس لئے ان کی واپسی میں تاخیر ہے تاہم انہوں نے کہاکہ نوازشریف بھلے اکتوبر میں آجائیں ، شہبازشریف اور اسحاق ڈار کو توواپس آجانا چاہیئے۔ایک سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ 16ماہ جو ہم نے حکومت کی اتحادیوں کی مشاورت سے تمام فیصلے کئے جاتے تھے اور ہم ان فیصلوں کی ذمہ داری لیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عدم اعتماد کے نتیجے میں ہم نے حکومت سنبھالی تھی، صورتحال ہم سے اس طرح نہیں سنبھلی جس کی عوام توقع کررہے تھے، اسحاق ڈار پاکستان آئے تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی بڑی تباہی سامنے ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ کوئی شک نہیں کہ ہمارے حلقوں میں اور عوام میں بے چینی ہے اور اس بے چینی کاحل یہ ہے کہ ہم عوام میں رہیں،مریم نواز عوام سے مسلسل رابطےمیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ چینی کی برآمد کا جہاں تک تعلق ہے اس میں وزارت تجارت کی سمری ضروری ہوگی لیکن حتمی فیصلہ تو ای سی سی اور کابینہ کا تھا۔انہوں نے کہاکہ ان تمام مشکلات کا ہمارے پاس حل ہے لیکن ان سولہ ماہ میں ان پر عملدرآمد نہیں کر سکے۔انہوں نے کہا کہ 2013میں جو ماحول تھا اسے نوازشریف نے کنٹرول کیا، دہشت گردی کا خاتمہ ہوا، بجلی بحران ختم ہوا، کرپشن کو نیچے لے کر آئے تھے۔
خواجہ آصف کاشہبازشریف اور اسحاق ڈار سےفوری وطن واپسی کا مطالبہ







