اسلام آباد(ممتاز نیوز) ترک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ارجمند تاتیل اوگلو نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز آمدپر چیف آف دی نیول اسٹاف نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ترک بحریہ کے سربراہ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔
بعد ازاں، ترک نیول چیف نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں بحری افواج کے درمیان تربیت، دو طرفہ دوروں اور بحری مشقوں کے انعقاد سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ترکیہ میں حالیہ زلزلے کے پیش نظر امدادی سامان کی فراہمی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔
کمانڈر ترک نیول فورسز کے دورہ نیول ہیڈ کوارٹرز سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔









