بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جرمن کمپنیاں پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری پر توجہ دیں۔ احسن بختاوری

پاکستان کی بزنس کمیونٹی جرمنی کے تجارتی میلے ایگری ٹیکنا میں بھرپور شرکت کرے۔جرمن وفد
باہمی کاروباری تعلقات بہتر کرنے کیلئے جرمن کمپنیوں کے وفد کا آئی سی سی آئی کا دورہ
اسلام آباد : جرمن کمپنیوں کے نمائندگان کے ایک وفد نے جرمن چیمبر آف کامرس کے پاکستان کیلئے نمائندے محمد عثمان کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ٹیلی کمیونیکیشن، آٹوموبائل، تعمیرات، لاجسٹکس، توانائی اور فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان وفد میں شامل تھے۔
جرمن وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان کئی شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے کیونکہ دونوں ممالک کی موجودہ تقریبا 4ارب ڈالر کی باہمی تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی محدود اشیاء میں تجارت کر رہے ہیں کیونکہ جرمنی کو پاکستان کی اہم برآمدات میں ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان، شوز اور طبی آلات شامل ہیں جبکہ پاکستان جرمنی سے زیادہ تر مشینری، کیمیکل اور الیکٹریکل سامان، موٹر گاڑیاں اور لوہے کا سامان خریدتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اپنے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں تاکہ باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر کے دوطرفہ تجارت کو مزید بہتر کیا جائے۔
احسن بختاوری نے کہا کہ 40 سے زائد جرمن کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن، کیمیکلز، فارماسیوٹیکل، آٹوموبائل، آٹوموٹیو اور ہول سیل سمیت دیگر شعبوں میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ مزید جرمن کمپنیاں پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری پر توجہ دیں کیونکہ پاکستان 24 کروڑ سے زائد صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار کے پرکشش مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی جرمن سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صحیح شراکت داروں سے ملانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جرمن کمپنیوں کے وفد نے کہا کہ جرمنی غیر ملکی تجارت کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہے اور ان کے دورہ پاکستان کا مقصد پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کو فروغ دینا اور کاروباری شراکت سمیت سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا زرعی مشینری کا تجارتی میلہ ایگری ٹیکنا 12 تا 18 نومبر 2023 تک جرمنی کے شہر ہینوور میں منعقد ہوگا اور آئی سی سی آئی کے وفد کو اس میں شرکت کی دعوت دی تاکہ زراعت کے شعبے میں نئی ایجادات، ٹیکنالوجیز اور مشینری کو دریافت کر سکیں۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ جرمن سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں آٹوموبائل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں جس سے وہ اپنی مصنوعات کو وسطی ایشیا اور دیگر مارکیٹوں کو برآمد کر سکتے ہیں۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان میں تعمیراتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں لہذا جرمن کمپنیاں ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان براہ راست فضائی روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر فروغ ملے گا۔