اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ٹاپ بیورو کریسی کے لوگ نگران سیٹ اپ میں ہیں ،لیول پلیئنگ فیلڈ دینا پڑے گا، اس کے بغیر کون آگے بڑھے گا ،ہمیشہ مطالبہ حکمران جماعت سے ہی کیا جاتا ہے۔اسلام آباد مین صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہا کہ الیکشن کا ماحول بن چکا ہے، اور الیکشن ہر صورت میں ہوگا ،صورتحال اتنی سنجیدہ ہوگئی ہے کہ اب ہر بات میں سے بات نکلتی ہے ،الیکشن جنوری یا فروی یا اس سے بھی پہلے ہوسکتے ہیں،ماحول بہت اچھا ہے اور ایک ادارے میں بڑی تبدیلی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جب جمہوریت کا دن منا رہے تھے اس روز ہم ایک ڈکٹیٹر کے قانون کو بحال کرکے پارلیمنٹ پر حاوی کررہے تھے کس طرح ہم جمہوریت کی کشتی کو یہاں لے کر آئے ہیں یہ ایک تاریخ ہے ،میثاق جمہوریت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اب کوئی انتخابات سے بھاگ نہیں سکتا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن نہ کرانے کا ایک رواج رہا ہے، 40 سال اس ملک میں آمریت رہی ،پارلیمنٹ کی بالادستی تب ہی ہے جب ادارے اس کے ماتحت رہیں ،ہماری جنگ ہی اسی اصول پر رہی ہے، ہم نے کبھی جمہوریت سے منہ نہیں موڑا ،ہم نے پھانسیاں جھیلیں، جیلیں کاٹیں مگر عوام اور جمہوریت سے منہ نہیں موڑا۔خورشید شاہ نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ دینا پڑے گا، اس کے بغیر کون آگے بڑھے گا ،ہمیشہ مطالبہ حکمران جماعت سے ہی کیا جاتا ہے، مسلم لیگ ن کے ٹاپ بیورو کریسی کے لوگ نگران سیٹ اپ میں ہیں اور کوئی ایسی جماعت نہیں ہے جس کا نگران سیٹ اپ میں حصہ ہو ماسوائے ن لیگ کے،ہم سیاسی طور پر پارلیمنٹ کو سب سے بالا دست سمجھتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستانی ہوں اور اس پر فخر ہے مگر میرا حلقہ انتخاب سندھ ہے ،ہر رکن کو اپنے حلقے اور علاقے کی بات کرنی چاہیئے ،سندھ کے تمام ہائی رینکس آفیسر کو عہدوں سے ہٹاکر آفس میں بٹھا دیا گیا ،دوسری طرف پنجاب سے آفیسر یہاں لاکر بٹھائے گئے ،پنجاب میں ترقیاتی کام چل رہے ہیں اور سندھ میں یہ کام بند کردئیے گئے ،اس صورت میں پھر سوال مسلم لیگ ن سے نہیں ہوگا تو کس سے ہوگا ،جو کام جاری تھے وہ سندھ میں روک دیئے گئے یہاں زور شور سے کیوں جاری ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ کہا گیا کوئی بھی راستہ اختیار کرکے پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹائیں،ہم ڈٹ گئے کہ نہیں اس حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹا سکتے ہیں،تکلیف یہ ہے کہ ہم انکے ساتھ کھڑے ہوگئے،شہباز شریف نے ہمارے وزراء کی تعریف کی۔خورشید شاہ نے ن لیگ کو سنبھلنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ سنبھل جائیں دن ایک جیسے نہیں رہتے،سیاستدانوں میں دراڑیں ڈالیں تو ہم اسی کی دہائی میں چلے جائیں گے، آصف زرداری ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے،آصف زرداری نے ہمارے ہاتھ باندھ رکھے ہیں،آج بھی آصف زرداری ہمارے ہاتھ کھول دیں تو ہم دیکھ لیں گے،ہمیںآج بھی اپنے اقتدار کی نہیں، پارلیمنٹ کی فکر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج مہنگائی اس کے کھاتے میں جائیگی جو حکومت میں ہیں ،ہم نے آئینی طریقے سے پی ٹی آئی حکومت کو روانہ کیا ،88 سے 90 پھر 93 سے 97 اور پھر میثاق جمہوریت، اس کا بھرم ہم نے رکھا ،میثاق جمہوریت کے بعد بھی میاں نواز شریف ریفرنس لے کر سپریم کورٹ پہنچ گئے ،جب ن لیگ پر کڑا وقت آیا تو ہم اس وقت جمہوریت کی خاطر ن لیگ کیساتھ کھڑے ہوئے ،مسلم لیگ ن کے خلاف ہم ہیں نہ ہماری جماعت ہے نہ آصف زرداری ہے مگر ہم ان سے گلہ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گلہ اپنوں سے کیا جاتا ہے، خود میاں شہباز شریف نے ہمارے وزرا کی تعریف کی ہیں ،ن لیگ کو سنبھلنا ہوگا، ورنہ ہم 80ء ایٹیز میں چلے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان عدم اعتماد کے اتنے حق میں تھے کہ پی ٹی آئی گہرائی کی طرف جارہی ہے جانے دو ،اس وقت مولانا کہتے تھے کہ تحریک عدم اعتماد ہونے دو، اب اپنی بات سے مکرنا زیادتی ہے ،ن لیگ والے تو کہتے تھے ہم مل کر اگلی حکومت چلائیں گے جمہوریت مضبوط کرینگے مگر کیا ایسے آگے بڑھا جائیگا؟خورشید شاہ نے کہا کہ محسن نقوی کو بچوں جیسا پیار زرداری صاحب نے دیا تھا اب کوئی پھر جائے تو کیا کیا جائے ؟ وہ جس کا بندہ تھا وہ سب کے سامنے ہے، ہم نے محسن نقوی کو نامزد نہیں کیا تھا، میں نے دو سال بے گناہ جیل کاٹی مگر کچھ ثابت نہیں ہوا، میرا کیس آج بھی چل رہا ہے ،جو پارٹی بھی سیاست میں آتی ہے وہ اقتدار کیلئے ہی آتا ہے،ہمارا اتحاد عوام کیساتھ ہے، ہم نے حکومتیں کیں، وزیراعظم بھی ہمارا حق ہے ،پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان سمیت جمہوریت کیلئے جانیں دی ہیں ،ہمارا حق بنتا ہے اور ہم وزیراعظم اپنا بنا کر بھی دکھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی بنائی گئی، ایک تاریخ دی گئی، پانچ نام دیئے گئے مگر ایک نام بھی نہیں کیا گیا ،سب کچھ اوپر اوپر سے ہوگیا، بس اب دعا ہے کہ نگران وزیراعظم شفاف انتخابات کرا کر جائیں ،ہماری لیڈر شپ آج بھی نہیں چاہتی کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں دوریاں پیدا ہوں،الیکشن ہم سب اپنے منشور پر لڑیں مگر گالم گلوچ کی سیاست نہیں ہونی چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ میاں نواز شریف پاکستان آئیں، ہم نے تو یہ بھی کہا تھا کہ ان کا استقبال کرینگے۔
الیکشن کا ماحول بن چکا،لیول پلیئنگ فیلڈ دینا پڑے گا، خورشید شاہ








