اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنماحامدخان نے کہاہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرناصدرمملکت کی کمزوری ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے صدرعارف علوی کی طرف سے انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر الیکشن کمیشن کوخط لکھنے سے متعلق کہاکہ صدرمملکت نے جو کیاوہ مناسب نہیں تھا، غالباً صدر پر دباؤتھا جو انہوں نے یہ بات کی ، صدرکو چاہئے تھا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیتے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرناصدرمملکت کی کمزوری ہے۔انہوں نے کہاکہ دیکھاہوگاکہ کیاکسی کے پاس اختیارہے کہ نوے دن سے باہر جاسکا ،انتخابات کی تاریخ کا معاملہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے۔ ایک سوال پر حامدخان نے کہاکہ پی ٹی آئی کا الیکشن سے بائیکاٹ کرناکسی طور پر مناسب نہیں ہوگا،چیئرمین پی ٹی آئی چاہیں تو جیل سے بھی پارٹی کی رہنمائی کرسکتےہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری پارٹی کے اوپرعجیب طرح کا دباوہے،چیئرمین پی ٹی آئی کو نشانہ بنایاگیا ،جس طرح کے کیسزبنائے گئے ہیں اس طرح کے کیسزان پر نہیں بنتے تھے۔
انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرناصدرمملکت کی کمزوری ہے،حامد خان








